وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیلڈ اسپتال پراجیکٹ کا افتتاح کردیا

بدھ 1 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیلڈ اسپتال پراجیکٹ کا افتتاح کردیا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں 32 سے زیادہ چھوٹے بڑے فیلڈ اسپتال فنکشنل کیے گئے ہیں۔

پہلے مرحلے میں 21 لارج فیلڈ اسپتال صوبے کے مختلف اضلاع میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کریں گے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے لارج فیلڈ اسپتال کا معائنہ کیا۔

فیلڈ اسپتال پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ 6 ہفتوں کے قلیل عرصے میں صحت کی سہولتیں لوگوں کی دہلیز پر پہنچا دی ہیں۔ اتنے کم عرصے اتنا بڑا پراجیکٹ فنکشنل کرنا اللہ تعالیٰ کی مدد کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ خواجہ سلمان، خواجہ عمران اورسیکریٹری علی جان نے 24،24 گھنٹے کام کیا۔

انہوں نے کہاکہ فیلڈ اسپتال تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ ایک مکمل اسپتال ہے۔ تمام وہ سہولتیں جو کسی بھی اچھے کلینک میں ہوتی ہیں، فیلڈ اہسپتال میں فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ فیلڈ اسپتال ان علاقوں کے لیے ہیں، جہاں کوئی بڑا اسپتال یا اچھا کلینک موجود نہیں۔ یہ اسپتال دیہی علاقوں میں جاکر لوگوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کریں گے۔

فیلڈ اسپتال اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے، مریم نواز

انہوں نے کہاکہ فیلڈ اسپتال اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے۔ اس میں اے سی، ڈائناسٹک یونٹ، لیب، الٹرا ساؤنڈ، ای سی جی اور فارمیسی کی سہولت موجود ہوگی۔

مریم نواز نے کہاکہ فیلڈ اسپتال میں ایکسرے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ جبکہ او پی ڈی، حفاظتی ٹیکے، فرسٹ ایڈ، لیڈی ہیلتھ ورکر، اسکول یوٹریشن کی سہولت بھی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ کنٹینر آج سے پہلے کسی اورچیز کے لیے استعمال ہوتے تھے۔ کچھ لوگ کنٹینر سے جلاؤ گھیراؤ، مارو اور ماردو کی تلقین کرتے رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہاکہ کنٹینر کا غلط استعمال کرنے والوں نے کینسر کے مریضوں کی مفت ادویات بند کردی تھیں اوروہ سڑکوں پر آگئے تھے۔ اب کینسر کے مریضوں کی ادویات دوبارہ شروع کردی ہے،ادویات کے لیے فنڈ بھی 2 ا رب سے 6 ارب بڑھا دیاگیا ہے۔

’ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے جامع پلان بنارہے ہیں‘

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے جا مع پلان مرتب کررہے ہیں، غریبوں کی صحت کے لیے کوئی کمپرومائز نہیں کروں گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی پہلی ایئر ایمبولینس شروع کرنے جارہے ہیں، جس کی ٹریننگ شروع ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہیلتھ کارڈ نواز شریف نے بنایا جو بہت ہی شاندار کام تھا مگر تب کوئی شکایت نہیں تھی جبکہ 2018 میں صرف اپنوں کو نوازنے کے لیے اس پراجیکٹ کو کرپشن کا گڑھ بنا دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp