’ہمارا استخارا صحیح نہیں آیا‘، اداکارہ مایا لڑکی کو دیکھ کر رشتہ نہ کرنے والوں پر برہم

بدھ 1 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف پاکستانی اداکارہ و ٹی وی میزبان مایا خان نے لڑکی والوں کے گھر رشتہ دیکھنے جانے اور پھر انکار کرنے کے رجحان پر تنقید کی ہے۔

مایا خان کی لڑکیوں کے رشتے دیکھنے کے کلچر پر بات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں لوگ ان کی بات سے اتفاق کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

مایا خان کہتی ہیں کہ ہمارے معاشرے میں اب ایسا رجحان بن گیا ہے کہ لڑکی والوں کے گھر جاؤ اور پھر کسی وجہ سے بھی انکار کردو۔

اداکارہ نے کہاکہ رشتہ دیکھنے کے لیے آنے والے افراد لڑکی کو دیکھنے کے بعد سوچنے کے لیے کچھ دن کا وقت مانگتے ہیں اور پھر انکار کرنے کے لیے اس بات کا سہارا لیتے ہیں کہ ان کا استخارہ صحیح نہیں آیا اس لیے معذرت ہے۔

مایا خان نے کہاکہ جب ایک طرف سے انکار ہو جائے تو پھر کوئی اور رشتہ دیکھنے آجاتا ہے جس پر گھر والے لڑکی کو پابند بناتے ہیں کہ وہ گھر پر ہی رہے یا دفتر سے جلد چھٹی لے کر آجائے۔

اداکارہ نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ دوسری بار بھی لڑکی کو ایسے ہی کرب سے گزرنا پڑتا ہے اور رشتہ دیکھنے کے لیے آنے والے کہتے ہیں کہ ہم آپ کو کچھ دن بعد جواب دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ لڑکیوں کو ہر بار شورم میں تیار کرکے سجائی جانے والی شے کی طرح تیار کیا جاتا ہے مگر پھر بھی رشتے نہیں ہوتے۔

اداکارہ نے اس کلچر پر بات کرتے ہوئے ویڈیو بنائی جو وائرل ہوگئی ہے اور صارفین ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جن لوگوں کو رشتہ نہیں کرنا ہوتا وہ استخارے کا بہانہ کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp