حکومت عمران خان کو گرفتارکرے یابتائے کون سی طاقتیں رکاوٹ ہیں،جاوید لطیف

پیر 20 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر مملکت جاوید لطیف نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کو گرفتار کرے یا بتائے کہ کون سی طاقتیں اسے روک رہی ہیں کیوں کہ 600 تربیت یافتہ دہشت گردوں کے ساتھ اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کو کیا مقبولیت کہا جائے گا۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کچے کا علاقہ ہو،وزیرستان یا بلوچستان ، کیا کبھی کسی نے سنا کہ ادارے دہشت گردوں کو پکڑنے جائیں تو مزاحمت پر یہ کہا جائے کہ ان کی مقبولیت ہے ، ان کو چھوڑ دیاجائے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ کچے کے علاقہ میں جو نوگو ایریاز ہیں وہاں  ڈاکو اور اغوا کار ہیں مگر چند ہفتوں کے دوران پولیس کو زخمی کرنے والوں میں زمان پارک والے کچے کے دہشت گردوں سے 10 گنا زیادہ خطرناک ہیں ۔

کیا کچے کے ڈاکوؤں کو بھی عمران خان والی سہولت مل سکتی ہے؟

میاں جاوید لطیف نے سوال اٹھایا کہ کیا کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں کا کمانڈر عدالت سے ضمانت لینے جائے تو اسے یہ سہولت ہوگی کہ گاڑی ہی میں حاضری لگا دی جائے اور یہ بھی سوال ہے کہ پاکستان میں عدالتوں کا نظام موجود ہے، کہیں کسی نے سنا کہ آپ عبوری ضمانت بغیر پیش ہوئے کروائیں اور وہ کنفرم ہوجائے۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ملکی وغیر ملکی قوتیں نوازشریف کی وطن واپسی کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور یہ وہی لوگ ہیں جو عمران خان کے سہولت کار ہیں مگر ہم سوال کرتے ہیں کہ پاکستان کے اندر سے کون عمران خان کو تحفظ دے رہا ہے اور باہر سے کون دباؤ ڈالتا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ آج تک ملکی مفاد میں سچ پر پردہ ڈالا گیا مگر اب لوگوں کا غصہ اتنا بڑھ گیا ہے کہ اگر تاخیر کی گئی تو ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے ، نوازشریف کو سزا ہوئی تو پارٹی کی سربراہی سے ہاتھ دھونے پڑے مگر عمران خان سزا یافتہ ہونے کے باوجود آج بھی پارٹی کی سربراہی کررہا ہے۔

عمران خان کی سرپرستی کرنے والے پیچھے نہ ہٹے تو ملک کونقصان ہوگا

جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کےساتھ آج بھی وہی کردار ہیں جو 2018 میں ساتھ تھے۔ اگر اس کی سرپرستی نہ چھوڑی گئی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ پر کئی بار جتھے لے کر حملہ کیا جبکہ مسلم لیگ ن پر سپریم کورٹ پر حملے کا جو الزام لگایا جاتا ہے اس وقت تو کوئی نقصان نہیں ہوا تھا مگر پھر بھی کئی لوگوں کو سزائیں ہوئیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے لیڈر نواز شریف کو تین بار کرسی سے ہٹایا گیا اور زہر بھی دیا گیا مگر مسلح جدوجہد نہیں کی اور اب میں ان 5 کرداروں کو مخاطب کرکے کہتا ہوں کہ حکومت وقت قومی مفاد کے تحت آپ کے نام سے پردہ نہیں ہٹا رہی ۔

عمران خان جیل جائے تو سب معلوم ہوجائیگا کون سا نشہ کرتا ہے

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان خون کا ٹیسٹ کیوں نہیں ہونے دیتا۔ یہ اگر جیل میں جائے تو سب معلوم ہوجائے گا کہ کون سا نشہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار چھن جانے کے بعد عمران خان سے صبر نہیں ہو رہا اور پانچ کردار اسے اکسا رہے ہیں کیوں کہ یہ ایک مہرہ تھا اور پٹ کر رہ گیا اور اب کیفر کردار تک پہنچا تو ان لوگوں کی باری بھی آئے گی۔

عمران خان کی بیوی 200دہشت گردوں کے حصارمیں بھی بیوی اکیلی تھی

جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ زمان پارک میں میری بیوی اکیلی تھی اور چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا تو میں یہ پوچھتا ہوں کہ کیا 200 تربیت یافتہ دہشت گردوں کے حصار میں بھی وہ اکیلی تھی؟ اور اب  اس کے ارد گرد 4 سے 5 ہزار مسلح لوگ ہوں گے تو اسے محفوظ سمجھے گا۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ زلمے خلیل زاد کی طرح پاکستان کا ’ظلم خلیل زاد‘ پیدا ہوچکا ہے اور وہ آلہ کار بن کر ایٹمی طاقت کے حامل پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا کیوں کہ گیارہ جماعتیں عمران خان کا گند تو صاف نہیں کرسکیں مگر ہم نے قومی مفاد میں قربانیاں دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp