پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز پولی تھین بیگز کے ڈسپوزل سے متعلق پالیسی وضع کریں، لاہور ہائیکورٹ

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو پولی تھین بیگزکو تلف کرنے سے متعلق پالیسی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبے بھر کی صنعتوں کو فضلے اور آلودگی کا باعث نہ بننے والی ڈیوائس لگانے کا حکم دیاہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا ہے جس کے مطابق عدالت نے ہرڈپٹی کمشنر کو پولی تھین بیگ اکھٹے کرنے اور انکو تلف کرنے کے لیے پالیسی بنانے کا حکم دیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق آئندہ سماعت پر پنجاب کے تمام اضلاع کی پالیسی عدالت میں پیش کی جائے جس میں شہریوں پر عائد فیس کو بھی پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پنجاب بھر کی صنعتوں کو فضلے اور آلودگی کا باعث نہ بننے والی ڈیوائس لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس سے اس ضمن میں 4 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

عدالت نے آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ کے محکمہ ماحولیات کے افسروں کے تبادلے کردیے گئے ہیں، آئندہ سماعت 3 مئی کو ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp