چلاس: ہنزہ جانے والی مسافر بس کو حادثہ، 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی سے ہنزہ جانے والے مسافر بس کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق راولپنڈی سے ہنزہ جانے والی مسافر بس کو شاہراہ قراقرم پر یشوکل داس کے مقام پر حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں 22 کے قریب مسافر زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچیں اور متعدد زخمیوں کو ریجنل ہیڈ کوارٹر اسپتال چلاس پہنچا دیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے 20 مسافروں کی اموات کی تصدیق کردی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق حادثہ صبح 5 بجے کے قریب پیش آیا۔ بس یشوکھل کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری، بس میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے۔ چلاس کے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم کا حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب پریشو کھل داس کے مقام پر پیش آئے بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا،  وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا اظہار تعزیت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چلاس شاہراہ قراقرم پر بس کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی، اور کہا کہ حادثے میں جانی نقصان پر بہت دکھ ہوا ہے، ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالٰی جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر جمیل عطافرمائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp