بھارتی شہری نے انگریزی ٹائپنگ کا انوکھا ریکارڈ کس طرح اپنے نام کیا؟

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے 3 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں انگریزی حروف تہجی کو آخر سے شروع تک ٹائپ کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی ایک غیر معمولی ریکارڈ بنانے کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو کلپ میں انہیں کمپیوٹر پر انگریزی حروف تہجی کو زیڈ سے اے کی طرف ٹائپ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، انہوں نے یہ ریکارڈ صرف 2.88 سیکنڈ میں اپنے نام کیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے انسٹاگرام پر اس ویڈیو کو شیئر کیا جس میں ایس کے اشرف کو ریکارڈ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ویڈیو ڈیسک ٹاپ اسکرین دکھانے کے لیے کھلتی ہے، جیسے جیسے کلپ آگے بڑھتا ہے، وہ پلک جھپکتے ہی لکھنا ختم کر دیتے ہیں۔

تقریباً 12 گھنٹے قبل شیئر کیے جانے کے بعد سے اس ویڈیو کو ساڑھے 7 لاکھ سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں اور اس تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ شیئرنگ کے ساتھ ساتھ اسے 28 ہزار سے زائد لوگ پسند کرچکے ہیں۔

انسٹاگرام صارفین کا اس عالمی ریکارڈ پر رد عمل کیا رہا؟

انسٹا گرام پر صارفین نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کی اس ویڈیو پوسٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے طرح طرح کے تبصرے پوسٹ کیے ہیں، اگرچہ زیادہ تر ریکارڈ سے متاثر نظر آتے ہیں لیکن کچھ نے اس ریکارڈ کو توڑنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

ایک انسٹا گرام صارف نے اسے ایک ناقابل یقین ریکارڈ قرار دیا جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ کم از کم آج انہوں نے ایک بامعنی ورلڈ ریکارڈ پوسٹ دیکھی ہے، ایک تیسرے صارف نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ٹرینڈ کا حوالہ دیتے ہوئے مذاق اڑایا کہ ہندوستان نوآزمودہ لوگوں کے لیے نہیں ہے۔

جہاں کچھ صارفین نے ایس کے اشرف کے اس انوکھے ریکارڈ کو سراہا وہیں بعض نے اس عالمی ریکارڈ کو توڑنے کا دعویٰ بھی کرڈالا۔

ایس کے اشرف کے قائم کردہ دیگر گنیز ریکارڈ

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ایک بلاگ کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایس کے اشرف نے یہ ریکارڈ 5 فروری کو حاصل کیا تھا تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انجینئرنگ اور لا گریجویٹ ایس کے اشرف نے ریکارڈ کی کتابوں میں اپنا نام درج کرایا ہو۔

ایس کے اشرف کے پاس 2 اور گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی ہیں، برق رفتاری سے انگریزی حروف تہجی اسپیس کے ساتھ A سے Z تک 3.37 سیکنڈ میں، اور  یہی کام 4.13 سیکنڈ میں آنکھوں پر پٹی باندھ کر کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

ایس کے اشرف نے اس سے قبل 14.88 سیکنڈ میں 1 سے 50 تک تیز ترین وقت میں ٹائپ کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرچکے تھے، جسے جون 2023 میں پڑوسی آندھرا پردیش کے چتور ضلع کے میجاری ملیکارجن نے توڑا تھا، ملیکارجن نے صرف 13.16 سیکنڈ میں 1 سے 50 تک نمبر ٹائپ کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp