بلاول بھٹو نے سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول چیلنج کرنے کا اعلان کردیا

پیر 20 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مسترد کرتے ہوئے اسے ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کااعلان کیا ہے۔

کراچی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ادارہ برائے امراض قلب منصوبےکا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی کا میئر جلد جیالا ہوگا مگر مخالفین کو یہ ہضم نہیں ہورہا اور کوئی قوت بھی نہیں چاہتی کہ ایسا ہو۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات ہونے کے باوجود نمائندے نہیں ہیں، اگر پہلے الیکشن ہوتے تو منتخب نمائندے سیلاب کی تباہ کاریوں کے وقت لوگوں کی مدد کرتے۔

بتایاجائے بلدیاتی عمل کے آگے بڑھنے کی راہ میں کون رکاوٹ ہے

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم پر تنقید کی جاتی تھی کہ پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ہے تو اب بتائیں کہ اس عمل کو کون روک رہا ہے ۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ دہشت کا مقابلہ جمہوری طریقے سے کیا، قربانیاں دے کر نسلوں کی محنت سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے کیوں کہ ہم کبھی یہاں بیٹھے دہشت گردوں کامقابلہ کرتے تھے اور کبھی باہر بیٹھے دہشت گردوں کا سامنا ہوتا تھا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک امن پسند جماعت ہے جس کا انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں۔ جب بھی کسی عدالت یا ادارے پر حملہ ہو تو ہم اس ادارے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب خلاف میرٹ فیصلے ہورہے تھے تو تب بھی ہم نے ہی آواز اٹھائی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ امن اور اتحاد کی سیاست اسی میں ہے کہ میئر اور ضلع چیئرمین کے انتخابات فوری کرائے جائیں ورنہ اس کے اثرات بہت گہرے ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرت اور تعصب کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مردم شماری پر تحفظات ہیں۔

سندھ حکومت دنیا کا بڑا کارڈیک اسپتال بنانے جارہی ہے،مرادعلی شاہ

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت دنیا کا سب سے بڑا کارڈیک اسپتال بنانے جا رہی ہے اور یہ اسپتال 1200 بستروں پر مشتمل ہوگا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کے لیے لانڈھی میں امراض قلب کا اسپتال بنا رہے ہیں کیوں کہ اس علاج میں این آئی سی وی ڈی نے قابلِ ستائش کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp