3 نام ڈیل کے لیے نہیں بات چیت کے لیے تجویز کیے، عمران خان

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے3 رہنماؤں کے نام مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے لیے تجویز کیے ہیں نہ کہ یہ کمیٹی کسی ڈیل کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے مذاکرات کے لیے کسی بھی ریٹائرڈ جرنیل کو کوئی ٹاسک نہیں دیا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات مخالفین سے ہوتی ہے دوستوں سے نہیں ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی 3 جماعتوں کے علاوہ سب سے بات کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ڈیل وہ کرتا ہے جسے ملک سے باہر جانا ہوتا ہے جیسے آصف علی زرداری اور میاں محمد نواز شریف بیرون ملک گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیل جیل سے بچنے کے لیے کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں 18  ماہ سے کہہ رہا ہوں کہ بات چیت کے لیے تیار ہوں کیوں کہ سیاست میں ہمیشہ بات چیت ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف توشہ خانہ کا نیا کیس لایا جا رہا ہے اور ’یہ‘توشہ خانہ پر چوتھا مقدمہ دائر کر رہے ہیں جبکہ ’انہیں‘ چاہیے کہ جو بھی کیس بنانا ہے ایک بار ہی بنا کر لے آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری کے فیک اکاؤنٹ اور نواز شریف کا ایون فیلڈ  کے اربوں روپوں کے ریفرنسز معاف کر دیے گئے۔

’چیف جسٹس طاقتوروں کے مین بلے باز بن گئے ہیں‘

عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان طاقتوروں کے اہم ترین بلے باز بن چکے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر پر کیا دباؤ ہوگا وہ تو خود ارباب اختیار کے دوسرے مین بلے باز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کن گھڑی ہے آج اگر عدلیہ کھڑی نہ ہوئی تو اس کا یہ عمل نظریہ ضرورت کے تحت تصور ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ججز سے درخواست ہے کہ وہ ہمارے کیسز کے فیصلے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سائفر کیس کی سماعت آگے ہی ہوتی چلی جا رہی ہے جو بھی فیصلہ کرنا ہے جلد کرلیا جائے۔

’عدت کیس میں بھی ڈرامے کیے جارہے ہیں‘

عمران خان نے کہا کہ ان کے اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دائر عدت کیس میں بھی ڈرامے کیے جا رہے ہیں۔

’بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹ منفی نہیں آئی، طبیعت اب بھی ناساز ہے‘

بشریٰ بی بی کو زہر دینے کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کے متنازع بیان پر کیے گئے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے 2 مرتبہ قتل کرنے کی کوشش کی اور بشریٰ بی بی کی کوئی رپورٹ نیگیٹیو نہیں آئی ہے، جب 3 مہینے بعد ٹیسٹ کریں گے تو اس میں کیا نکلے گا‘۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی طعبیت اب بھی خراب ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp