فیصل آباد: زہریلی پھکی کھانے سے والدہ اور 4 بچیاں جاں بحق، پنسار گرفتار

اتوار 5 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیصل آباد میں زہریلی پھکی کھانے سے ایک خاتون اور 4 بچیاں موت کے منہ میں چلی گئیں، جبکہ پولیس نے پنسار کو گرفتار کرلیا ہے۔

خاتون کے شوہر اور بچیوں کے والد مظہر نے پولیس کو بتایا کہ پنسار عبدالوہاب کی دکان سے پھکی لے کر آئے تھے جو دودھ کے ساتھ بچیوں اور ان کی والدہ نے کھائی۔

انہوں ںے کہاکہ گھر پر بھائی کی بیٹی بھی مہمان کے طور پر آئی ہوئی تھی اور اس نے بھی وہ وہی دوا والا دودھ پیا جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔

گھر کے سربراہ کی درخواست پر تھانہ گڑھ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ماموکانجن کے رہائشی پنساری عبالوہاب کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق جاں بحق بچیوں کے والد مظہر نے مبینہ طور پر نزلہ زکام کی پھکی لی اور دودھ میں ملا کر اپنی بیوی اور بچوں کو دی۔

ایف آئی آر میں درج ہے کہ پھکی استعمال کرتے ہی بیوی سمیت 4 بچوں کے پیٹ میں درد اور خون کی الٹیاں شروع ہوگئیں۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرین کو تشویشناک حالت میں قریبی نجی اسپتال کلیانوالا میں منتقل کیا گیا۔ جہاں پر پہنچتے ہی ایک بچی حالت غیر ہونے کے باعث دم توڑ گئی۔ جبکہ دیگر بچوں اور بیوی کو تشویشناک حالت میں ساہیوال ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ساہیوال پہنچتے ہی بیوی اور 3 بچوں نے بھی دم توڑ دیا۔

پولیس کی جانب سے پھکی دینے والے پنسار سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp