58 سالہ بھارتی ماڈل کی 32 سالہ خاتون سے شادی، بشریٰ انصاری کیوں برہم ہوئیں؟

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ بشریٰ انصاری نے شادی کے لیے عمر کے فرق پر معاشرے کے دہرے معیارات پر بات چیت شروع کر دی۔ جہاں ایک مرد کم عمر لڑکی سے شادی کرے تو محبت کا نام دے دیا جاتا ہے اور اگر کوئی خاتون کسی کم عمر مرد سے شادی کرتی ہے تو اسے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

بالی ووڈ کی ایک حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں بھارتی ماڈل ملند سومن(58 سال) اور ان کی جواں سال اہلیہ انکیتا کنور(32 سال) زیر بحث ہیں۔ صارفین کی جانب سے بھارتی ماڈل اور ان کی اہلیہ کے درمیان 26 سال کے فرق پر بات کی جا رہی ہے کہ ’محبت کی کوئی حد نہیں ہوتی‘۔

ملند سومن کے خود سے 26 سال چھوٹی لڑکی سے شادی کرنے پر اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی تبصرہ کیا، انہوں نے سوال کیا کہ ’یہ ایک مرد کے لیے ٹھیک ہے‘ ، ساتھ ہی انہوں نے طنزیہ انداز میں ہنستے ہوئے مزید کہا ’لیکن یہ کوئی نئی بات نہیں ہے‘۔

بشریٰ انصاری کے تبصرے پر صارفین کی جانب سے بھی ردعمل دیکھنے میں آیا۔

کسی نے معاشرے کے دہرے معیار کو بے نقاب کرنے پر اداکارہ کی تعریف کی تاہم بعض صارفین کا کہنا تھا کہ 40 سال کا مرد 19 سالہ لڑکی سے شادی کر لے تو کوئی برائی نہیں لیکن اگر کوئی خاتون کم عمر مرد سے شادی کرے تو اسے جرم سمجھا جاتا ہے۔

صارفین نے بشریٰ انصاری سے کہا کہ آپ کی ساری عمر صفائیاں دیتے ہی گزر جائے گی لیکن لوگوں کو اس چیز کی سمجھ نہیں آئے گی اس لیے آپ اپنی زندگی سے لطف اندوز ہوں اور منفی لوگوں کو بلاک کر دیں۔

واضح رہے کہ چند دن قبل سینیئر اداکارہ، میزبان و لکھاری بشریٰ انصاری نے پہلی بار اپنے دوسرے شوہر ڈراما نگار اقبال حسین کے ہمراہ ویڈیو جاری کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں تھوڑی سی بڑی عمر کی خاتون سے شادی کرنا جرم سمجھا جاتا ہے۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ اقبال حسین ان سے چھوٹے ہیں تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ دونوں کی عمر میں کتنا فرق ہے۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ اقبال حسین کی سوچ اور انداز سے متاثر ہوئی تھیں، وہ اپنی عمر سے زیادہ میچور ہیں۔

اس دوران اقبال حسین نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بوڑھی عورت سے شادی کرنے پر تنقید کی جاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے، جو لوگ ایسا سوچتے ہیں کہ بڑی عمر کی خواتین سے شادی کرنا بُرا ہے وہ اصل میں نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp