سابق امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت میں آئندہ عام انتخابات سے قبل مودی آزاد کشمیر کو نشانہ بناسکتا ہے کیوں کہ انڈیا کشمیریوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے پر تلا ہوا ہے۔
کراچی پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی کا کہنا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کرکے پاکستان کو بنجر صحرا میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ،کشمیری اپنی آزادی ہی نہیں پاکستان کی سلامتی اور بقا کی بھی جنگ لڑرہے ہیں،اگر کوئی اس کاز سے بے وفائی کرے گا تو نشان عبرت بنے گا۔
عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر کوئی بھی سودے بازی قبول نہیں ہے اس لیے حکومت پاکستان کشمیری قیادت کی مشاورت سے بھارت کو بے نقاب کرنے کے لیے جارحانہ پالیسی اختیار کرے ۔
سیاسی خلفشار سے تحریک آزادی کو نقصان پہنچ رہاہے
سابق امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر نے کہا کہ سیاسی خلفشار کے باعث تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچ رہا ہے ایسے میں قومی قیادت اور ادارے ہوش کے ناخن لیتے ہوئے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں۔
عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حریت رہنماؤں خالد رضا اور امتیاز عالم کی ٹارگٹ کلنگ لمحہ فکریہ ہے۔
تقریب میں سوال و جواب کی نشست ہوئی اور اس کے علاوہ حریت رہنما اعجاز شاہ نے بھی خطاب کیا۔
سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا تقریب آمد پر صدر پریس کلب سعید سربازی ،سیکرٹری جنرل شعیب احمد،گورننگ باڈی کے سینئر ارکان مقصود احمد یوسفی،ثاقب صغیر اور دیگر نے استقبال کیا اور اس موقع پرعبدالرشید ترابی نے پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی۔















