عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکارارجیت سنگھ جو بالی ووڈ کے سب سے پسندیدہ گلوکاروں میں سے ایک ہیں انہوں نے اپنی مسحور کن آواز کے بارے میں انکشاف کیا ہے کہ یہ آواز حاصل کرنے کے لیے انہوں نے خود پر ٹارچر کیا۔
گزشتہ کئی سالوں سے بالی ووڈ پر راج کرنے والے نامور گلوکار کا کہنا ہے کہ یہ آواز انتھک محنت اور تکلیف اٹھانے کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ارجیت سنگھ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’ میری آواز پہلے ایسی تھوڑی تھی، بہت مختلف تھی پھر میں نے خود اپنی آواز کو توڑا‘۔
ارجیت سنگھ نے انکشاف کیا کہ ’جب میں نے اپنی اصل آواز میں گانا شروع کیا تو لوگوں کو بالکل پسند نہیں آیا، لوگ میری آواز سے نفرت کرتے تھے جس کی وجہ سے مجھے اپنی آواز تبدیل کرنا پڑی، گلے کو توڑ توڑ کر ٹیکسچر بنائے‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ آواز کو تراشنے جیسا ہی تھا اور اب مجھے اپنی پرانی آواز میں جانے کے لیے ایک دو مہینہ اپنا کام چھوڑنا پڑے گا‘۔
واضح رہے کہ ارجیت سنگھ نے سال 2005 میں بھارتی ریئیلیٹی شو ’فیم گروکل‘ سے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا لیکن جیت نہ سکے۔ اس کے بعد انہوں نے گلوگاری کے میدان میں اپنا نام بنایا اور متعدد بار فلم فیئر ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔