9 مئی کو حملے دیگر ممالک سے تعلقات خراب کرنے کے لیے کیے گئے، وزیراعظم

جمعرات 9 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی کو حملے دیگر ممالک سے تعلقات خراب کرنے کے لیے کیے گئے، یہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، 9 مئی 2 سوچوں کو الگ الگ کرنے والا دن ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سچ کو قیامت تک کوئی بدل نہیں سکتا، سانحہ 9مئی بغاوت کا منظم منصوبہ تھا، حملوں کا مقصد ملک میں عدم استحکام اور خانہ جنگی کو پھیلانا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ غازیوں کی یادگاروں پرحملے کیے گئے، 9مئی افواج پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر کے خلاف بغاوت کا منصوبہ تھا۔ لیکن عوام کے اتحاد سے 9مئی کا مذموم منصوبہ دفن ہوگیا۔ کوئی ملک اپنے ہیروز، شہدا کے خلاف بدترین زبان برداشت نہیں کرسکتا۔ ہم نے آگے بڑھنا ہے، ترقی کی منازل طے کرنے ہیں۔

’کیا امریکا اور برطانیہ میں فسادیوں کو سزائیں نہیں دی گئیں؟ سیاستدان سخت امتحان سے گزرتے ہیں مگرکبھی ایسے واقعات نہیں کیے جو انہوں نے کیے‘۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد سیاستدانوں نے قربانیاں دیں، سیاستدانوں نے جیلیں کاٹیں مگر ایسا نہ کیا، قانون نے فسادیوں کو اپنی گرفت میں لیا، اپنی ذات کے لیے حملہ آور ہونے والے فسادیوں کو قانون نے اپنی گرفت میں لیا ہے اور امید کرتے ہیں کہ قصورواروں کو جلد سزا دی جائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے اس اقدام کے باعث پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو دھچکا لگا، انہوں نے اپنے شہدا اور ہیروز کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے 35پنکچر کی بات کی، لیکن جب معاملہ کھلا تو منہ دکھانے کے لائق نہیں رہے۔

’یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے سائفر کے اوپر مختلف پینترے بدلے، سائفر کو پتہ نہیں کیا کیا رنگ دیا گیا‘۔

 وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لارہے ہیں، ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ہم نے کوشش کی کہ اس ملک میں مزید عدم استحکام نہ پیدا ہو اور ہم کامیاب ہوئے۔

9 مئی کے واقعات کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا، نوید قمر

پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو کوئی جھٹلا نہیں سکتام اس میں جو لوگ ملوث نہیں انکو کلیئر کرنا چاہیے، تاکہ پارلیمنٹ میں ورکنگ ماحول بنے، شواہد تو بہت ہیں لیکن ٹرائل میں تاخیر کی جارہی ہے۔،

9مئی میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے، اعجاز الحق

مسلم لیگ ضیا کے رہنما اعجاز الحق نے کہا کہ کوئی شک نہیں آج کا دن بہت اہم ہے، شہدا کی یادگاروں اور سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے والوں کو سزا ضرور ملنی چاہیے۔ ہم نے بھی احتجاج کیا، باقی جماعتیں بھی احتجاج کرتی ہیں لیکن آج تک کوئی بھی اس حد تک آگے نہیں بڑھا۔

آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں کہ حد سے تجاوز کرلیا جائے، عبدالعلیم خان

صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہا کہ حد سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف ریاست کو اپنی رٹ دکھانی چاہیے، ملک کی عزت سب پر مقدم ہے، ملکی تنصیبات سب کے لیے ریڈ لائن ہیں، آزادی کا یہ مطلب نہیں کہ ملک کی عزت خاک میں ملا دی جائے۔ سیاستدانوں کو ہر صورت ملکی وقار کا خیال رکھنا چاہیے۔

9 مئی کو جو کچھ ہوا پی ٹی آئی نے پلاننگ کے تحت کیا ہے، رانا ثنا اللہ

رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ پی ٹی آئی نے پلاننگ کے تحت کیا، پی ٹی آئی تسلیم کرے کہ 9 مئی انہوں نے کیا، ہم نے پی ٹی آئی کو حکومت میں ساتھ بیٹھنے کی دعوت دی تھی، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کی طرح کہا میں نہیں چھوڑوں گا، ہم آج بھی کہتے ہیں کہ مل بیٹھ کر ملک کو سنبھالا جاسکتا ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں مجھے وزیراعظم کے حکم پر جھوٹے کیس میں پھنسایا گیا، اور بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp