رانا شہباز کو ویڈیو سازی سے روکنے پر پنجاب اسمبلی میں ہلڑبازی، حکومتی و اپوزیشن اراکین آمنے سامنے

جمعرات 9 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رہنما پاکستان تحریک انصاف رانا شہباز کو پنجاب اسمبلی میں ویڈیو بنانے سے روکے جانے پر ایوان میں ہلڑ مچ گیا اور اپوزیشن اور حکومتی اراکین آمنے سامنے آکر زبردست نعرے بازی میں مشغول ہوگئے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوارن رانا شہباز کی جانب  سے ویڈیو سازی پر حکومتی بنچز سے خواتین ارکان نے اعتراض و تنقید کی اور اپنی سیٹوں سے کھڑی ہوگئیں۔ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے رانا شہباز کو ایسا کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ یہ ابھی مناسب نہیں آپ فوٹو سیشن بعد میں کرلیجیے گا۔

ڈپٹی اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ ’رانا صاحب یہ آپ ٹھیک نہیں کررہے بیٹھ جائیں، ہاؤس کے وقار کا خیال کریں یہ کوئی طریقہ نہیں ہے‘۔

اس صورتحال پر حکومت و اپوزیشن کے درمیان نعرے بازی کا تبادلہ ہوا اور ڈپٹی سپیکر ہاؤس کو آرڈر میں لانے سے قاصر رہے۔

نعرے بازی کا آغاز ہوتے ہی اپوزیشن ارکان نے ایوان میں بانی پی ٹی آئی کی تصویر والے بینرز بھی لہرانے شروع کردیے اور اپنی نشستوں سے اٹھ کر نعرے بازی کرتے رہے۔ اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کا بھی گھیراؤ کیا اور بعد ازاں اپوزیشن اراکین باہر راہ داری میں آگئے۔

حکومتی ارکان سمیع اللہ خان اور مجتبیٰ شجاع الرحمن اپوزیشن ارکان کو نشتوں پر بیٹھنے کی کوششیں کرتے رہے۔

اپوزیشن اراکین نے’سارا ٹبر چور‘ کا نعرہ بلند کرنے کے علاوہ قائد ن لیگ میاں محمد نواز شریف کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp