آرام دہ سفر اور سفری مشکلات سے بچنے کے لیے ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کے پاس نئی اور اچھی گاڑی ہو جس سے وہ جب اور جہاں جانا چاہے، عزت اور سکون سے جا سکے۔
مزید پڑھیں
مہنگائی کے باعث پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگ گئی ہیں اسی لیے لوگ گزشتہ کئی سالوں سے بینکوں سے قسطوں پر گاڑی لینے کو ترجیح دیتے ہیں۔ بینکوں سے گاڑی لینے کے لیے کچھ لوگ عام کنوینشنل بینکوں کا اور کچھ لوگ سود سے پاک قسطوں کے لیے اسلامک بینکنگ کا رخ کرتے ہیں۔
آلٹو وی ایکس گاڑی لینے کا خواہش مند ہر شخص یہ گاڑی بینک سے لے سکتا ہے، لیکن بینکوں کے انٹرسٹ ریٹ جان کر زیادہ تر لوگ پہلے ہی گھبرا جاتے ہیں۔
وی نیوز نے چند بینکوں سے رابطہ کیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ کون سا بینک آلٹو (وی ایکس ) گاڑی کم انٹرسٹ ریٹ پر دے رہا ہے؟
حبیب بینک لمیٹڈ آلٹو ایکس پر 11 لاکھ روپے انٹرسٹ لیتا ہے
حبیب بینک لمیٹڈ( ایچ بی ایل ) کے برانچ مینیجر رانا عمیر نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کوئی شخص ایچ بی ایل سے آلٹو (وی ایکس) گاڑی لیتا ہے اور اس کا انتخاب کنونشنل بینکنگ ہے اور قسطوں کا دورانیہ 5 سال ہے تو اس دوران 5 سال کے عرصے کی قسطوں میں آلٹو گاڑی پر 11 لاکھ روپے اصل قیمت سے زیادہ یعنی سود دینا پڑے گا۔ اس کے علاوہ تقریباً 8 لاکھ ڈاؤن پیمنٹ دینا ہوگی۔
لیکن ایچ بی ایل کی اسلامی بینکاری کے مطابق جب آلٹو کے اسی ماڈل کی معلومات لی گئیں تو اس حساب سے ایچ بی ایل کی پہلی شرط یہ ہے کہ 5 سال کے پلان کے لیے کم از کم تنخواہ 1 لاکھ 30 ہزار ہونا لازمی ہے۔
جبکہ خریدار کو 7 لاکھ 45 ہزار ڈاؤن پیمنٹ دینا ہوگی، ماہانہ قسط 57 ہزار اور تقریباً 10 لاکھ 80 ہزار کے قریب پرافٹ دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ ایچ بی ایل اسلامک بینکاری میں قسط میں تاخیر ہو جانے پر کسی قسم کا کوئی جرمانہ نہیں ہوتا۔
ایچ بی ایل سے گاڑی لینے کے لیے 1 سال کی ملازمت کا ثبوت، 6 مہینے کا بینک ریکارڈ اور گھر اور دیگر چیزوں کی تصدیق اور اس کے علاوہ خریدار کی تنخواہ بینک میں آنا لازمی ہے۔
مسلم کمرشل بینک میں انٹرسٹ ریٹ 20.28 فیصد ہے
مسلم کمرشل بینک (ایم سی بی) بینک کے آٹو سیلز آفسر عدنان علی نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آلٹو ( وی ایکس) کی زیرو میٹر گاڑی 23 لاکھ 31 ہزار روپے کی ہے۔ اس گاڑی کو خریدنے کے لیے صارف کی کم از کم ماہانہ انکم 1 لاکھ 40 ہزار ہونا لازمی ہے۔
جبکہ گاڑی کے لیے شروع میں ڈاؤن پیمنٹ 30 فیصد ہو گئی ہے۔ جس کے مطابق تقریباً 8 لاکھ (انشورنس سمیت) ڈاؤن پیمنٹ دینا ہوگی۔ جبکہ گاڑی کی ماہانہ قسط 52 ہزار روپے ہو گی اور یہ سارا حساب 5 سال کی قسطوں کے مطابق ہے۔
انٹرسٹ ریٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ان کے بینک میں انٹرسٹ ریٹ 20.28 فیصد ہے۔ جو کے تقریباً 15 لاکھ روپے بنتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 5 تاریخ کے بعد قسط جمع کروانے پر 1800 روپے جرمانہ بھی کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سارا حساب روایتی بینکاری کے مطابق ہے کیونکہ ایم سی بی میں اسلامی بینکاری کا آپشن موجود نہیں ہے۔
بینک الفلاح میں انٹرسٹ ریٹ 11 لاکھ روپے ہے
بینک الفلاح اسلامی بینکاری کے مطابق آلٹو گاڑی 21 لاکھ 50 ہزار میں دے رہا ہے اور 5 سال کے لیے اس کی ماہانہ قسط 45 ہزار اور 18 لاکھ پرافٹ دینا ہوگا۔ جبکہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے اس کی ڈاؤن پیمنٹ ہے اور اگر کوئی شخص قسط جمع کروانے میں تاخیر کر دے تو اس پر ماہانہ قسط کا 30 فیصد جرمانہ عائد ہوگا۔
بینک الفلاح روایتی بینکاری کے مطابق آلٹو کی قیمت 23 لاکھ 31 ہزار روپے ہے، جس میں تقریباً 8 لاکھ 50 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ ہے۔ 5 سال کے دوران 60 قسطیں ادا کرنا ہوں گی اور ماہانہ قسط 60 ہزار روپے ہے اور اس کے لیے کم از کم تنخواہ 1 لاکھ ہونا ضروری ہے۔
بینک الفلاح روایتی بینکاری پر انٹرسٹ ریٹ 11 لاکھ 80 ہزار ہے اور اس کے لیے 6 مہینے کا بینک ریکارڈ، ملازمت کی پیش کش کا خط، 2 گواہ اور تنخواہ کی رسید پر مشتمل ڈاکومنٹس ضروری ہیں۔
میزان بینک میں انٹرسٹ ریٹ 20.78 فیصد ہے
میزان بینک سے آلٹو لینے پر باقی بینکوں کی طرح 30 فیصد ڈاؤن پیمنٹ ہے، یعنی 23 لاکھ 31 ہزار میں سے 6 لاکھ 99 ہزار 300 روپے ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہوتی ہے اور 5 سال کے پلان کے تحت ماہانہ قسط تقریباً 50 ہزار روپے ہے جب کہ ماہانہ انکم کا 1 لاکھ سے زیادہ ہونا لازمی ہے، جبکہ 20.78 فیصد اس پر سود ادا کرنا ہوگا۔