وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اہم ہے اور اس کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
اسلام آباد میں ٹیلی اسکول پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی تعلیم اس معیار کی نہیں جو ہونی چاہیے اس لیے ٹیچرز ٹریننگ کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور وفاقی وزیر تعلیم صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مربوط نظام بنائیں۔
Live: PM Shehbaz Sharif attends inaugural ceremony of One School for All, Teleschool Pakistan https://t.co/1b5WRi7SM4
— PMLN (@pmln_org) March 21, 2023
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان بھر کے نمایاں کارکردگی کے حامل طلبا کوایک لاکھ لیپ ٹاپ دیے جائیں گے کیوں کہ ہمیں بچوں کے اوپر سرمایہ کاری کرنی ہے۔
انڈوومنٹ فنڈ یتیم طلبا کی تعلیم پر خرچ ہونا چاہیے
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وہ بچے جن کے سر سے والدین کا سایہ اٹھ جاتا ہے ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ ان کی تعلیم کے لیے خرچ ہونا چاہیے کیوں کہ یہ بچے بہت ذہین ہیں مگر ان کے پاس وسائل نہیں کہ وہ تعلیم حاصل کرسکیں۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بلوچستان میں دانش سکولوں کے ذریعے وہاں کے طلبا وطالبات کو معیاری تعلیم دی جائے گی اور اس کے لیے صوبائی اسمبلی نے ایک بل بھی پاس کیا ہے،ہم بلوچستان کی حکومت کو وسائل فراہم کریں گے تاکہ وہاں کے طلبا کو بھی احساس ہو کہ وہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے ہم پلہ ہیں۔
انہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جتنے بھی وسائل ہیں وہ ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے بروئے کار لائے جائیں اور بجٹ میں اس حوالے سے پروگرام لے کر آئیں۔