11 مئی کو ہم اسٹائل ایوارڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اداکاروں اور گلوکاروں کے علاوہ شوبز کے دیگر شعبہ جات میں اہم کارنامے انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
لیکن اس بار بہت سے بڑے نام اس شو میں نہیں تھے جن کی غیر موجودگی میں ریڈ کارپٹ کا رنگ ماند رہا۔ ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والے اداکار حمزہ سہیل، محب مرزا، وہاج علی اور علی رحمان تقریب میں موجود نہیں تھے۔ اسی طرح صبا قمر اور سونیا حسین بھی موجود نہیں تھیں۔
اعزازات جیتنے والے فنکاروں کی فہرست میں شوبز انڈسٹری کے بڑے نام شامل ہیں۔ اسٹائلش اداکار مرد (ٹیلی ویژن) کا ایوارڈ شہروز سبزواری کے نام رہا۔
ہانیہ عامر کو ٹیلی ویژن کی سب سے اسٹائلش اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ہانیہ عامر اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر آئیں تو انہوں نے غزہ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ کو فلمی دنیا کے اسٹائلش اداکار کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ فلم انڈسٹری کی اسٹائلش اداکارہ کا ایوارڈ کرن ملک اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک جو حال ہی میں معروف اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کے بعد خبروں میں ہیں انہوں نے اسٹائلش اسپورٹس مین کا ایوارڈ اپنے نام کیا لیکن اس موقع پر وہ موجود نہیں تھے۔ کھیل کے شعبے میں نامزد ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں بھی کوئی ایوارڈ کی تقریب میں موجود نہیں تھا۔
اسٹائلش پرفارمر آف دی ایئر کا ایوارڈ معروف گلوکار عاصم اظہر اور فارس شافعی کو دیا گیا۔ عاصم اظہر نے ہم ایوارڈ کی تقریب میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی البم ’بے مطلب‘ کے گانے بھی پیش کیے۔
بہترین مرد ماڈل کا ایوارڈ سبان اُمل نے حاصل کیا، انہوں نے ہاتھ میں فلسطین کا مخصوص اسکارف کوفیہ باندھا ہوا تھا اور انہوں نے ’آزاد فلسطین‘ کا نعرہ بھی لگایا جبکہ سال کی بہترین ماڈل خاتون کا ایوارڈ عبیر اسد نے جیتا۔