بیجنگ: اسحاق ڈار کی گیزوبا گروپ کے چیئرمین سے ملاقات

پیر 13 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نےپیر کو  بیجنگ میں گیزوبا گروپ کے چیئرمین سے ملاقات کی۔

گیزوبا گروپ انرجی چائنا کا ذیلی ادارہ ہے جو پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کے متعدد منصوبے شروع کرنے والی چین کی معروف کمپنی ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے شانگلہ میں ہونے والے المناک واقعے پر چیئرمین سے تعزیت کا اظہار کیا جس میں 5 چینی اور ایک پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گیا تھا۔

اسحاق ڈار نے اس گھناؤنے حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور پاکستان میں چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان کی اقتصادی ترقی میں گیزوبا گروپ کے پیش نظر نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو قابل تجدید اور ہائیڈل سیکٹر میں اپنی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے گیزوبا گروپ قائدانہ کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک  کے فیز II کے تحت پاکستان نے چینی سرمایہ کاروں کو فراخدلی سے مراعات کی پیشکش کی ہے جسے گیزوبا گروپ پاکستان میں اپنے کاروباری قدموں کو بڑھانے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔

چیئرمین نے پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں اپنے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرے گی اور تعاون کے نئے شعبوں میں آپریشنز کو مزید وسعت دے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp