حج 2024: قانونی دستاویزات کے بغیر حج کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، وزارتِ حج

منگل 14 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خادمِ حرمین شریفین کے مشیر، مکہ مکرمہ ریجن کے امیر اور مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ خالد الفیصل نے ’حج، عبادت اور مہذب طرز عمل‘ مہم کا آغاز کیا ہے۔آئندہ قانونی دستاویزات کے بغیر حج کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔

مہم کے دوران مکہ مکرمہ ریجن کے نائب امیر، مرکزی حج کمیٹی کے نائب چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے مناسک حج کی ادائیگی سے قبل اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں وضع کردہ قوانین و ضوابط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے پر قانون سختی سے لاگو ہوگا۔

شہزادہ سعود بن مشعل نے نشاندہی کی کہ اس آگاہی مہم کے سبب گزشتہ برسوں میں حجاج کو غیر قانونی امور، اور غیر قانونی طریقے حج سے روکنے میں کامیابی ملی، انہوں نے واضح کیا کہ اسی طرح عازمینِ حج کو فراہم کی جانے والی سروسز کو بہتر بنانے، اور انہیں سکون واطمینان کے ساتھ مناسکِ حج ادا کرنے کے لیے پرسکون ماحول فراہم کرنے میں مدد ملی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزارتِ حج وعمرہ نے اپنے ایک منشور کے ذریعے واضح کیا ہے کہ قانونی دستاویزات کے بغیر حج کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔

منشور کے مطابق حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے سے قبل ہی حج ویزے کا حصول ضروری ہوگا، دیگر تمام ویزوں بشمول وزیٹر، ٹرانزیٹ، سیاحتی ویزا اور ورک پرمٹ پر آئے اشخاص حج ادا کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے واضح کیا کہ بغیر پرمٹ کے حج کرنا غیر قانونی تصور ہوگا، اس میں ملکی وغیر ملکی شامل ہیں۔

غیر قانونی طور پر حج کرتے ہوے پکڑے جانے والے افراد پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دوبارہ پکڑے جانے پر یہ جرمانہ دگنا ہوگا۔ جبکہ وہ تارکینِ وطن جو حج کے قوانین وضوابط پر عمل در آمد نہیں کریں گے انہیں مملکت سے قانونی طور پر معینہ مدت کے لیے بے دخل کردیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp