پاکستان کے شہر کراچی میں اگر دن کے 12 بجے ہیں تو پشاور اور اسلام آباد میں بھی دن کے 12 ہی بجتے ہیں یعنی ہم صرف ایک ٹائم زون رکھتے ہیں لیکن روس اتنا وسیع ملک ہے کہ اگر اس کے مغربی حصے میں دن کے 12؍بجے ہیں تو مشرقی کنارے پر رات کے 11بج رہے ہوتے ہیں۔ ایک سرے سے دوسرے سرے تک روس کی لمبائی تقریباً 10ہزار کلومیٹر ہے۔
اگر آپ اوسطاً 5؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بالکل سیدھے پیدل چلیں تو تقریباً 3 ماہ میں یہ فاصلہ اس وقت طے کرسکتے ہیں جب زمین بالکل ہموار ہو اور راستے میں کوئی پہاڑ، دریا نہ ملے۔ دُنیا کو 24 ٹائم زونز میں تقسیم کیا گیا ہے اور روس کے پاس 11 ٹائم زونز ہیں۔ روس کے مشرق میں لوگ جب کام میں مشغول ہوتے ہیں، اُس وقت مغربی حصے میں رہائش پذیر گہری نیند سو رہے ہوتے ہیں۔
روس کے بعد سب سے زیادہ ٹائم زونز امریکا اور کینیڈا کے پاس ہیں، جہاں 6 ، 6 ٹائم زونز ہیں۔ تاہم اگر نوآبادیاتی علاقوں کو بھی شامل کرلیا جائے تو پوری دُنیا میں سب سے زیادہ ٹائم زونز کا حامل ملک فرانس ہے، جن کی تعداد 12 ہے۔