ہم روزانہ کتنی دیر گپیں لگاتے ہیں؟ دلچسپ تحقیق سامنے آ گئی

پیر 9 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کسی کی غیرموجودگی میں اس کے بارے میں بات کرنا انسانی فطرت بھی ہے اور ایک معمول بھی۔ یہ بات منفی بھی ہو سکتی ہے، مثبت بھی اور ایک عام تبصرہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ سوال اکثر ذہن میں آتا ہے کہ ایک انسان اوسطاً اوروں کی غیرموجودگی میں ان کے بارے میں کتنی دیر بات کرتا ہو گا؟

پہلی بار ایک سائنسی تحقیق سامنے آئی ہے جس میں اس سوال کا جواب دیا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں بہت سے دلچسپ حقائق منظرعام پر آئے ہیں۔

یہ تحقیق سوشل سائیکلوجیکل اینڈ سوشل سائنس نامی جریدے میں شائع ہوئی ہے، اس میں گپیں ہانکنے سے مراد ایسے افراد کے بارے میں بات کرنا ہے جو گفتگو کے وقت موجود نہیں ہوتے۔

اس ریسرچ کے لیے 18 سے 58 برس کے 467 افراد کو سننے والا آلہ لگایا گیا جس کے ذریعے 4003 گپیں ریکارڈ کیں۔ ان گپوں کو مثبت، منفی اور نیوٹرل میں تقسیم کیا گیا۔ تحقیق میں شامل 467 افراد میں 269 خواتین اور 198 مرد شامل تھے۔

تحقیق کے نتیجے میں سامنے آنے والے دلچسپ حقائق کچھ یوں تھے۔

ہر انسان 24 گھنٹوں میں 53 منٹ گپیں لگاتا ہے

سب سے اہم نکتہ یہ سامنے آیا کہ جاگنے کے 16 گھنٹوں کے دوران انسان کی تمام تر گفتگو کا 14 فیصد اوروں کے بارے میں بات چیت پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہر شخص تقریباً 53 منٹ گپیں مارتا ہے۔

نوجوان لوگ بڑی عمر کے افراد کی نسبت منفی گپیں زیادہ لگاتے ہیں

تحقیق کے مطابق نوجوان افراد کی بات چیت میں اوروں کے بارے میں منفی تبصرے زیادہ ہوتے ہیں جبکہ بڑی عمر کے افراد کی بات چیت میں کم منفیت ہوتی ہے۔

خواتین بمقابلہ مرد
عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ مردوں کی نسبت خواتین دوسروں کے بارے میں منفی گفتگو کرتی ہیں لیکن تحقیق کے نتیجے میں یہ حیرت انگیز بات پتا چلی ہے کہ اگرچہ خواتین مردوں کی نسبت زیادہ گپیں لگاتی ہیں لیکن ان کی گفتگو مردوں کے مقابلے میں نیوٹرل اور عمومی ہوتی ہے۔ گویا مرد حضرات میں غیبت کی عادت خواتین کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔

غریب بمقابلہ امیر
ایک اہم نتیجہ یہ سامنے آیا ہے کہ غریب یا کم آمدنی والے افراد اوروں کے بارے میں اتنی ہی دیر تبصرہ کرتے ہیں جتنی دیر زیادہ آمدنی اور خوشحال افراد کرتے ہیں۔ اس حوالے سے غریب افراد کے بارے میں پائے جانے والی غلط فہمی بھی دور ہو گئی۔

تین چوتھائی گفتگو نہ ہی منفی ہوتی ہے اور نہ ہی مثبت
ایک عام فرد کی تین چوتھائی گپ نیوٹرل ہوتی ہے یعنی اس میں جس شخص کا تذکرہ ہے اس کے متعلق کوئی منفی یا مثبت بات نہیں کی جاتی بلکہ ایک عمومی تبصرہ کیا جاتا ہے۔

شناساؤں کے متعلق زیادہ گفتگو ہوتی ہے
زیادہ تر گفتگو کسی شناسا کے بارے میں ہوتی ہے، نامور شخصیات نسبتاً بہت ہی کم زیربحث آتی ہیں۔

منفی بمقابلہ مثبت گپ
ریسرچ کے مطابق تین چوتھائی گپ شپ نیوٹرل تھی جبکہ منفی گپ شپ کی مقدار مثبت سے دوگنی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp