گندم کے معاملے پر رپورٹ سامنے آنی چاہیے، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم

جمعہ 17 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ گندم کے معاملے پر رپورٹ سامنے آنی چاہیے، حکومت نے گندم کے ریٹ  کا اعلان تو کردیا ہے مگر خرید نہیں رہی۔ ہمارے اوپر ایک مافیا مسلط ہے، جو ہر چیز میں لوٹ مار کررہا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم چھوٹے کسانوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں، جب فصل اگانے کا وقت ہوتا ہے تو کسانوں کو کھاد ہی نہیں ملتی۔ اسی طرح جب گندم تیار ہوجاتی ہے تو حکومت خریدنے میں بھی ٹال مٹول کرتی ہے۔

امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت نے گندم کے ریٹ کا اعلان کیا ہے لیکن خرید نہیں رہی، کسان رُل رہے ہیں، ان کو گندم کا خریدار نہیں مل رہا۔ سبسڈی اس لیے دی جاتی ہے تاکہ عوام کو فائدہ پہنچے، لیکن یہاں کوئی فائدہ پہنچتا نظر نہیں آتا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں سے رابطے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں، جلد رابطے قائم کریں گے اور ان کے حقوق کے لیے ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

’76سال میں پہلی بار گندم کی تاریخی فصل ہوئی، لیکن یہاں ایک مافیا مسلط ہے، جو ہر چیز میں لوٹ مار کرتے ہیں‘۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ یہ کسی ایک چیز کی خرید و فروخت کامسئلہ نہیں ہے، فوڈ سیکیورٹی کامعاملہ ہے، آٹا سستا کرنا اور گندم کے مناسب ریٹ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گندم کے معاملے پر رپورٹ سامنے آنی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp