ارجنٹینا کے معروف فٹبالر لیونل میسی کے پہلے معاہدے کی تحریر والا رومال 7 لاکھ 62 ہزار 400 پاؤنڈ کی خطیر قیمت کے عوض نیلام کردیا گیا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے اپنا سب سے پہلا معاہدہ بارسلونا کے ساتھ 14دسمبر 2000 میں کیا تھا جب اُن کی عمر محض 13 برس تھی۔
یہ معاہدہ ایک رومال پر درج تھا جسے اب 7 لاکھ 62 ہزار 400 پاؤنڈ میں نیلام کردیا گیا ہے، اس کا سائز 16.5×16.5 ہے اور اسے لیمینیشن کے بعد فریم کردیا گیا ہے، اس کی بولی کا آغاز 3 لاکھ یورو سے ہوا تھا۔
نیلی سیاہی سے لکھی گئی تحریر والے اِس رومال پر بارسلونا کے اُس وقت کے ڈائریکٹر کارلس ریکسچ کے دستخط بھی ہیں، اِس پر کلب کے ٹرانسفر ایڈوائزر جوزف منگویلا اور میسی کے پہلے ایجنٹ اوراچو گیجولی نے بھی دستخط کیے تھے۔
اس رومال کو لندن میں قائم نیلام گھر بونمس کے تحت آن لائن نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔معاہدہ طے ہونے کے ایک ماہ بعد میسی بارسا میں شامل ہوگئے تھے اور ریکارڈ گول اسکورر بن گئے، آج انہیں دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔انہوں نے 16 سال کی عمر میں اپنی پہلی ٹیم میں ڈیبیو کیا اور بارسلونا کلب کے لیے 778 گیمز میں ریکارڈ 672 گول اسکور کیے۔
اوراچو گیجولی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب مجھے بارسلونا کے ڈائریکٹر کارلس ریکسچ نے معاہدے کے لیے مدعو کیا تھا تو وقت کی کمی کی وجہ سے کسی کنٹریکٹ پر باضابطہ طور پر دستخط کرنے کی بجائے ہم نے جلدی میں ایک رومال پر معاہدہ لکھ کر تمام فریقین کے دستخط لے لیے۔
نیلام گھر بونمس میں فائن بکس اور مینیو اسکرپٹس کے سربراہ ایان ایہلنگ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ رومال ہمارے پاس موجود سب سے زیادہ سنسنی خیز چیزوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ محض ایک رومال ضرور ہے لیکن یہ وہ مشہور رومال ہے جس سے لیونل میسی کے فٹبال کیریئر کا آغاز ہوا۔