انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کیس میں گرفتار صحافی صدیق جان اور کیمرہ مین محمد ادریس کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
نمائندہ وی نیوز کے مطابق صحافی صدیق جان اور ان کے کیمرہ مین محمد ادریس کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس نے صحافی صدیق جان کے مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جبکہ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے میں کیمرہ مین محمد ادریس کا کوئی کردار نہیں ہے اس لیے ان کے خلاف کیس خارج کر دیا جائے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس میں گرفتار دونوں ملزمان صدیق جان اور محمد ادریس کو رہا کرنے کا حکم دے دیا اور ان کے خلاف کیس خارج کر دیا۔
واضح رہے کہ صحافی صدیق جان اور کیمرہ مین محمد ادریس کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں تھانہ سی ٹی ڈی کے مقدمے میں 18مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا۔