لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہونے والے ای چالان نادہندگان کےخلاف گھیرا تنگ کرلیا گیا، اس ضمن میں ایک پراڈو گاڑی ٹریفک پولیس کے ہاتھ لگی جس پر پہلے سے 67 ای چالان ہوچکے تھے۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق 67 مرتبہ ای چلاننگ والی پراڈو پکڑی گئی تو کار ڈرائیور نے موقع پر ہی 33ہزار 300روپے جرمانہ جمع کروا دیا، جس پر گاڑی اور ڈرائیور کو چھوڑ دیا گیا۔
مزید پڑھیں
پولیس کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹیمیں موجود ہیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی ای چالان شدہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر کے مطابق ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے مالکان پولیس سروسز حاصل نہیں کرسکیں گے، ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ، ویری فیکشن و دیگر 14 سہولیات بھی میسر نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پنجاب اور پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا ہے، اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہوگی۔
’ٹریفک سگنل، لین لائن، دھواں چھوڑنے، ون وے ٹریفک سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر ای چالان کیے جارہے ہیں، ای چالان سے بچنے کے لیے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے‘۔
سی ٹی او عمارہ اطہر نے گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیر اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منعظم ٹریفک کے لیے شہریوں کو ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہوگا۔
عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ کیمروں کی مدد سے ٹریفک لوڈ مینجمنٹ، مانیٹرنگ اور سرویلنس کو یقینی بنایا جارہا ہے، بہترین ٹریفک مینجمنٹ کے لیے سیف سٹی سے زیادہ سے زیادہ استفاده حاصل کیا جارہا ہے۔