اسکارلٹ جانسن کی شکایت پر اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ کی آواز کیوں بند کردی؟

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیک فرم اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں استعمال کی جانے والی ایک آواز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بارے میں ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اسکارلٹ جانسن نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پراسرار طور ان کی آواز سے ’مشابہت‘ رکھتی ہے۔

اوپن اے آئی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ چیٹ جی پی ٹی میں صارفین سے بات چیت کے لیے استعمال ہونے والی ایک آواز ’اسکائی‘ کو بند کررہے ہیں۔ کمپنی نے مزید کہا کہ اسے چیٹ جی پی ٹی میں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس چیٹ بوٹ خصوصاً ’اسکائی‘ سے متعلق مختلف شکایات موصول ہوئی تھیں، جنہیں دور کیا جارہا ہے۔

 شکایات کنندگان میں ہالی ووڈ ایکٹرس اسکارلٹ جانسن بھی شامل ہیں جنہوں نے 2013 میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ کی ایک سائنس فکشن فلم ’Her‘ میں بطور صدا کار ایک اے آئی اسسٹنٹ کا کردار ادا کیا تھا۔ اسکارلٹ جانسن کو اس وقت شدید حیرت ہوئی جب انہیں علم ہوا کہ چیٹ جی پی ٹی میں ایک اے آئی اسسٹنٹ کے لیے ایک ایسی آواز کا استعمال کیا جارہا ہے جو ان کی اپنی آواز سے ملتی ہے۔

ایک بیان میں اسکارلٹ جانسن نے انکشاف کیا کہ گزشتہ برس ستمبر میں انہیں اوپن اے آئی کے چیف سام آلٹمین کی جانب سے پیشکش کی گئی کہ ان کی آواز کو چیٹ جی پی ٹی کے کے نئے سسٹم میں استعمال کیا جائے گا۔ اسکارلٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اوپن اے آئی کی اس آفر کو مسترد کردیا تھا مگر اس کے باوجود اوپن اے آئی نے ان سے ’ملتی جلتی‘ آواز کو اپنے چیٹ جی پی ٹی کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا، ’میں نے جب اے آئی چیٹ بوٹ کی آواز سنی تو میں حیران رہ گئی، مجھے غصہ آیا اور یقین نہ آیا کہ مسٹر آلٹمین اس مقصد کے لیے ایسی آواز کا استعمال کریں گے جو میری آواز سے اس قدر ملتی جلتی ہے کہ میرے قریبی عزیزواقارب بھی کوئی فرق نہ کرپائیں گے۔‘

اسکارلٹ کا کہنا ہے کہ ان کے وکلا نے اوپن اے آئی سے خطوط کے ذریعے یہ سوال کیا کہ چیٹ بوٹ میں آواز کے استعمال کے لیے کیا طریقہ کار اختیار کیا گیا تو کمپنی نے آخرکار نہ چاہتے ہوئے ’اسکائی‘ کا استعمال بند کردیا۔

دوسری جانب اوپن اے آئی چیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اسکارلٹ جانسن سے ملنے سے پہلے ہی اسکائی کی آواز کے لیے ایک ایکٹر سے معاملات طے کرلیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسکائی کے لیے اسکارلٹ جانسن کی آواز استعمال نہیں کی گئی اور نہ ہی اوپن اے آئی کا ان سے ملتی جلتی آواز استعمال کرنے کا کوئی ارادہ تھا مگر اس کے باوجود ہم نے یہ آواز بند کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp