ہیٹ ویو سے کس طرح بچا جائے؟

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں گرمی کی شدت میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے27 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں بالخصوص پنجاب اور سندھ میں گرمی کی لہر کا امکان ہے۔

سندھ اور پنجاب میں آج سے 23 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ جبکہ 23 سے 27 مئی کے دوران 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

طبی ماہرین نے ہیٹ ویو اور شدید گرمی کی صورت میں خود کو محفوظ رکھنے سے متعلق درج ذیل تدابیر بتائی ہیں:

پانی زیادہ پئیں

جسم کو ہیٹ ویو سے بچانے اور ٹھنڈا رکھنے کے لیے خوب پانی پئیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو پیاس نہ بھی لگی ہو تب بھی پانی ضرور پئیں۔ پانی میں لیموں، نمک، ہلکی شکر اور پودینے کے پتوں کا بھی استعمال جبکہ مختلف مشروبات کا بھی سہارا لیا جا سکتا ہے۔ گرم موسم میں ایسے مشروبات یا اشیا نہ استعمال کریں جن میں کیفین کی مقدار زیادہ ہو کیونکہ کیفین ڈی ہائڈریشن کا باعث بنتی ہے۔

جسم کو ٹھنڈا رکھیں

جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ایئرکنڈشنر کا استعمال کریں۔ اگر آپ کے پاس ایئر کنڈیشنر نہیں ہے تو ہوا کی گردش کے لیے پنکھوں کا استعمال کریں۔ ڈھیلے اور ہلکے رنگ لباس پہنیں اور گھر سے باہر سایہ دار جگہوں میں رہنے کی کوشش کریں۔

دھوپ میں جسمانی سرگرمی سے پرہیز کریں

دن کے اوقات میں جب گرمی کی شدت زیادہ ہو تو جسمانی سرگرمی اور مشقت سے گریز کریں۔ اگر ایسی کوئی سرگرمی ضروری ہو تو ہر تھوڑی دیر کے بعد وقفہ کریں اور اس کے لیے ٹھنڈی اور سایہ دار جگہوں کا انتخاب کریں۔

 

آنکھوں اور جلد کو دھوپ سے بچائیں

دھوپ سے بچاؤ کے لیے سن اسکرین، چھتری یا ٹوپی کا استعمال کریں۔ آنکھوں کو سورج کی روشنی سے بچانے کے لیے چشمے کا استعمال کریں۔

بچوں اور بزرگوں کو گرمی سے بچائیں

بچوں، بزرگوں اور شدید بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں کیونکہ ہیٹ ویو انہیں بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ گھر میں موجود پالتو جانوروں کا بھی خیال رکھیں اور انہیں گرمی سے بچانے کے لیے مناسب انتظامات کریں۔

ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ فرد کو فوراً ٹھنڈی اور سایہ دار جگہ پر منتقل کریں اور اس کے جسم پر ٹھنڈا پانی گرائیں۔ متاثرہ فرد اگر ہوش میں ہو تو اسے پانی پینے کی تلقین کریں اور بلاخیر اسے اسپتال منتقل کریں۔

واضح رہے کہ ہیٹ اسٹروک شدید گرمی سے لاحق ہونے والی بیماری ہے۔ اگر اس کا صحیح علاج نہ کیا جائے تو یہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے اور دھوپ میں باہر نکلنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp