چند روز قبل کراچی کے علاقے تھانہ پاکستان بازار کے حدود میں ایک بچی کے ساتھ زیادتی کے مقدمہ کا اندراج ہوا تھا۔ بچی کے دادا نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ نامعلوم شخص نے ان کی پوتی کے ساتھ زیادتی کی ہے اور بچی کی طبعیت اس وقت ناساز ہے۔ پولیس نے بچی کے دادا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی تھی۔
ایس ایس پی ضلع ویسٹ کے مطابق پولیس نے نامعلوم شخص کی تلاش کے لیے بچی کے اہلِ خانہ سے تفتیش کا آغاز کیا اور اہلِ خانہ سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر علاقے کے کچھ افراد سے بھی تفتیش کی تمام معلومات اور ہیومن انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم فرحان کو غیر قانونی اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔
مزید پڑھیں
پولیس کے مطابق متاثرہ بچی نے بھی ملزم کے شناخت کرلی ہے اور اہم بات یہ ہے کہ دوران تفتیش ملزم بھی اعتراف جرم کرچکا ہے۔ پولیس کو ابتدائی تفتیش میں ملزم کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہ اور متاثرہ بچی ایک ہی علاقے کے رہائشی ہیں، ملزم بچی کو بہلا پھسلا کر خیرآباد میں خالی پلاٹ پر لیکر گیا جہاں زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزم کی نشاندہی پر متعلقہ پلاٹ سے بھی شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ فوجداری کے تحت 164 کا اعترافی بیان قلمبند کرنے کی درخواست دی جائے گی۔
ہیومن انٹیلیجنس کیا ہے؟
ہیومن انٹیلیجنس وہ معلومات ہیں جو پولیس اپنے مخبروں کی مدد سے حاصل کرتی ہے، کسی بھی علاقے میں ہونے والی کسی بھی کارروائی کے بعد سب سے پہلے پولیس اپنے مخبروں کو متحرک کرتی ہے تاکہ معلومات حاصل کی جاسکیں۔