وفاقی کابینہ نے فیض آباد دھرنا کمیشن کی انکوائری رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فیض آباد دھرنا کمیشن کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔
مزید پڑھیں
وفاقی کابینہ نے معاملے کو دیکھنے کے لیے خصوصی کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی ہے جو اس سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
اٹارنی جنرل نے وفاقی کابینہ کو فیض آباد دھرنا کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ پر بریفنگ دی۔
وفاقی کابینہ نے کہاکہ فیض آباد دھرنا کمیشن نے اپنے ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق کام نہیں کیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہاکہ فیض آباد دھرنا کمیشن کی انکوائری رپورٹ میں خامیاں ہیں۔
واضح رہے کہ فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن نے کسی ادارے یا شخصیت کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا تھا بلکہ رپورٹ میں یہ لکھا گیا کہ حکومت پنجاب نے مظاہرین کو اسلام آباد آنے سے نہیں روکا۔