وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ نیٹ میٹرنگ ختم کرنے کی خبریں درست نہیں، اس کا آغاز 2017 میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ہی ہوا تھا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہاکہ سولر پینل لگانے والوں کا جن نرخوں پر نیپرا سے معاہدہ ہوا ہے انہی کے مطابق خرید و فروخت ہوگی، تاہم آئندہ کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
مزید پڑھیں
اویس لغاری نے کہاکہ 5 سے 6 سال کے دوران سولر کی اچھی گروتھ ہوئی، اس وقت پاکستان میں 1500 میگاواٹ بجلی سولر سسٹم سے پیدا ہورہی ہے۔ ملک میں ایک لاکھ 13 ہزار نیٹ میٹرنگ کے کنکشن ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر سولر پینل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جس کے باعث اس کی سرمایہ کاری میں لوگوں کو فائدہ ہے۔
وزیر توانائی نے کہاکہ ہماری حکومت آنے کے بعد سے یہ کہا جارہا ہے کہ حکومت نیٹ میٹرنگ ختم کرنے پر غور کررہی ہے اور آئی ایم ایف سے بھی ایسا کوئی وعدہ کیا گیا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عالمی اداروں سے ان معاملات پر بات ہی نہیں ہوتی۔
اویس لغاری نے کہاکہ میں 2 روز قبل بھی اس حوالے سے وضاحت کرچکا ہوں کہ حکومت کی ایسی کوئی پالیسی نہیں، لیکن اس کے باوجود کہا جارہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کے مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ سولر پینل لگانے والوں کا نیپرا کے ساتھ معاہدہ ہے اور اسی کے مطابق بجلی فروخت کی جاتی ہے، معاہدہ ختم ہونے کے بعد کیا ہوگا اس حوالے سے کچھ کہا نہیں جاسکتا۔