جہاز پر سفر کرتے ہوئے مسافروں کو کن چیزوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے؟

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہوائی جہاز کی ایجاد سے انسان کے لیے سفر کی بے پناہ آسانیاں پیدا ہوئیں، دنوں کا سفر گھنٹوں اور گھنٹوں کا سفر منٹوں میں طے ہونا لگا۔ جو لوگ ہوائی جہاز میں سفر کرچکے ہیں، ان کے پاس سنانے کے لیے کئی داستانیں ہوتی ہیں اور جن لوگوں کو کبھی ہوائی جہاز کے سفر کا تجربہ نہیں ہوا، وہ یہ کہانیاں مزے لے لے کر سنتے ہیں اور ایک دن ایسے ہی کسی سفر کا خواب پورا کرنے کا ارادہ کرلیتے ہیں۔

دوسری جانب، کئی لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں ہوائی جہاز کے سفر میں ہمیشہ مشکلات پیش آتی ہیں۔ ان مسافروں سے جب بھی پوچھا جائے تو سینکڑوں مسائل بیان کرنے لگتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ سفر کوئی بھی ہو آسان نہیں ہوتا لیکن یہ انسان پر منحصر ہے کہ وہ اپنا سفر کیسے خوشگوار بنا سکتا ہے۔

آپ نے ہوائی جہاز کا سفر کرنے والے کئی مسافروں سے اس سفر کو دلچسپ اور یادگار بنانے کی تراکیب سنی ہوں گی لیکن ہم آج آپ کو اس حوالے سے ایسے لوگوں کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے جو خود جہاز اڑاتے ہیں۔ جہاز کے کاک پٹ میں بیٹھے پائلٹ اپنے سفر کی انفرادیت ہمیشہ برقرار رکھتے ہیں، آئیے جانتے ہیں کہ ہوائی جہاز کے مسافر اپنے سفر کو دلچسپ اور خوشگوار بنانے کے لیے اپنے پائلٹس سے کیا کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

مکمل تیاری کے بغیر جہاز پر سوار نہ ہوں

غیرملکی ایئرلائنز کے پائلٹ ارنارسن کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ بورڈنگ کا عمل بلا رکاوٹ اور بلا تاخیر مکمل ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈنگ سے قبل وہ اپنے سامان کو ترتیب دیتے ہیں تاکہ اپنی سیٹ تک پہنچنے میں انہیں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ اووہیڈ بن بیگ سے اپنی تمام وہ تمام اشیا نکال کر سیٹ پر اپنے ساتھ رکھ لیتے ہیں جن کی سفر کے دوران انہیں ضرورت پڑ سکتی ہے۔

جہاز کے ٹیک آف اور لینڈنگ کے وقت ونڈو شیڈ کھول دیں

پائلٹ اور بلاگر منڈی لنڈہائم نے بتایا کہ جہاز کے ٹیک آف اور لینڈنگ کرتے وقت ونڈو شیڈز کو بند نہ رہنے دیں کیونکہ ایسا کرنے سے وہ اپنی کھڑکی سے ایسے مناظر دیکھنے کے قابل ہوجاتے ہیں جو انہیں ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک پائلٹ اپنے کاک پٹ سے یہ مناظر نہیں دیکھ سکتا لیکن ایک مسافر کو اسے مواقع نظرانداز نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے مسافر جہاز کے پروں میں کسی بھی ممکنہ خرابی کو دیکھ کر جہاز کے عملے کو آگاہ کرسکتے ہیں اور اپنے سفر کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

اوور ہیڈ بن میں دونوں بیگز نہ رکھیں

خاتون پائلٹ جینی کارٹر نے بتایا کہ ایک مسافر کی حیثیت سے شروع شروع میں وہ جہاز میں داخل ہوتے ہی اوور ہیڈ بن میں اپنے دونوں بیگز رکھ دیتی تھیں جس سے بعد میں آنے والے مسافروں کو اپنا سامان رکھنے میں مشکل پیش آتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو کیری آن لگیج سے متعلقہ ایئرلائن قوانین کو مدنظر رکھنا چاہیے اور اپنی اور دوسروں کی آسانی کے لیے اپنا بیک پیک یا چھوٹا بیگ اپنی سیٹ کے ساتھ رکھ لینا چاہیے۔

جہاز میں پانی یا مشروبات ساتھ لے کر سوار ہوں

جینی کارٹر نے مزید کہا کہ مسافروں کو جہاز میں سوار ہونے سے پہلے پانی یا مشروبات کی بوتلیں اپنے ہمراہ رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل پروازوں میں بسا اوقات جہاز ہچکولے کھانے لگتا ہے، ایسی صورت میں ایئرہوسٹس مسافروں کو ریفرشمنٹ پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ایسی صورتحال میں پیاس بجھانے کے لیے اپنے ساتھ پانی یا مشروبات کی بوتلیں رکھنی چاہئیں۔

جہاز ہچکولے کھائے تو پرسکون رہیں

ہوائی سفر کے دوران جہاز کا ہچکولے کھانا ایک معمولی مگر تکلیف دہ عمل ہے۔ ایسی صورت میں جہاز زمین پر نہیں گرتا مگر زیادہ تر مسافر پریشان ہوجاتے ہیں یا خوف میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ جینی کارٹر نے کہا کہ ایسی صورت میں مسافروں کو خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے کشتی پانی کی لہروں پر ہچکولے کھاتی ہے، جہاز بھی ہوا کی لہروں کے رد عمل میں بالکل ایسے ہی کرتا ہے، بس فرق یہ ہے کہ مسافر ہوا کی لہروں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ نہیں سکتے۔

جہاز میں کھڑے ہونے سے گریز کریں

خاتون پائلٹ مشال گورس نے بتایا کہ جب تک جہاز لینڈنگ کے بعد رک نہ جائے وہ اپنے سیٹ سے نہیں اٹھتی اور اپنی سیٹ بیلٹ باندھے رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لینڈنگ کے بعد جہاز رکنے سے پہلے جہاز میں کھڑے ہونا غیرقانونی حرکت ہے مگر اس کے باوجود لوگ بریک لگنے سے پہلے ہی جہاز میں اپنی سیٹوں سے کھڑے ہوجاتے ہیں۔

جہاز عملے کا شکریہ ادا کریں

جینی کارٹر نے بتایا کہ وہ ہمیشہ ہوائی جہاز کے سفر کے اختتام پر جہاز کے عملے کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے پرواز تاخیر کا شکار ہوجائے یا اس میں کوئی فنی خرابی پیش آجائے اس کے باوجود وہ عملے کا شکریہ ادا کرنا نہیں بھولتیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp