سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر روپوشی ختم کرتے ہوئے اچانک تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد پہنچ گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز انھیں بانی پی ٹی آئی کا پیغام ملا کہ اب باہر آنے کا وقت ہے۔ پی ٹی آئی کے باقی روپوش رہنما جن میں مراد سعید بھی شامل ہیں، جلد روپوشی ختم کریں گے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کل رات رؤف حسن پر حملے کے بعد بانی پی ٹی آئی کا پیغام ملا تھا کہ اب تمام پارٹی رہنما باہر نکل آئیں۔ اس سے پہلے خان صاحب کا یہی پیغام تھا کہ تم نے محفوظ رہنا ہے کیونکہ تم پر تشدد ہوگا۔
’پھر رؤف حسن پر حملے کے بعد خان صاحب کا پیغام ملا کہ اب تمہارا باہر آکر قیادت کرنے کا وقت آچکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ پشاور سے اپنی ضمانت کروائیں گے جس کے بعد پنجاب میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ آگے اللہ مالک ہے۔
حماد اظہر جب مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے تو انہوں نے پارٹی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کی عیادت کی۔