معروف فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی پہلی ویب سیریز ‘ہیرامنڈی: دا ڈائمنڈ بازار’ میں اداکارہ سوناکشی سنہا نے دو مختلف کردار ادا کیے جن میں ایک ‘ریحانہ’ جبکہ دوسرا ریحانہ کی ہمشکل بیٹی ‘فریدن’ کا کردار۔
منیشا کوئرالا ‘ملکہ جان’ نامی ہیرامنڈی کی مشہور طوائف کا کردار نبھاتی دکھیں جو اپنی بہن ریحانہ کو قتل کر دیتی ہے اور پھر فریدن ملکہ جان سے ماں کے قتل کا بدلہ لینے آتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا نے اس فلم میں منیشا کوئرالا کیساتھ شوٹ ہونے والے ہر ایک سین کے بعد ان سے معافی مانگی۔
مزید پڑھیں
سوناکشی نے متعدد مرتبہ منیشا سے معافی اس لیے مانگی کیونکہ سین میں انہیں ملکہ جان کے کردار سے بدتمیزی کرنی پڑتی تھی اور وہ یہ سوچ کر معافی مانگتیں کہ جس اداکارہ کو دیکھ کر بڑے ہوئے اس سے اداکاری میں بھی بدتمیزی کرنا غلط ہے۔
بعدازاں منیشا کوئرالا نے سوناکشی کو سمجھایا کہ اداکاری کرتے وقت آپ جو کچھ کرتے ہیں وہ اس اداکار کیساتھ نہیں بلکہ اس کردار کے ساتھ کر رہے ہوتے ہیں لہٰذا تمہیں معافی مانگنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
’ہیرا منڈی:دا ڈائمنڈ بازار‘ او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’نیٹ فلکس‘ کیلئے بنائی گئی ویب سیریز ہے جس میں برصغیر کی تقسیم سے قبل اور انقلاب کا نعرہ بلند ہونے کے بعد ہیرامنڈی کی طوائفوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کو دکھایا گیا ہے۔
اس ویب سیریز کی کاسٹ میں اداکارہ سوناکشی سنہا، ادیتی راؤ حیدری، منیشا کوئرالا، شرمین سیگل، سنجیدہ شیخ اور ریچا چڈھا شامل ہیں جبکہ اداکاروں میں فردین خان، شیکھر سمن، آدھیان سمن اور طٰہٰ شاہ شامل ہیں۔