کولمبیا نے فلسطین میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کردیا

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی امریکا کے ملک کولمبیا نے فلسطین میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق جمہوریہ کولمبیا کے وزیرخارجہ گلبرتوموریلو نے اخباری نمائندوں کے وفد سے گفتگو کے دوران بتایا کہ صدر پیترو کی ہدایات پر جمہوریہ نے فلسطین میں مغربی کنارے کے علاقے رم اللہ میں سفارت خانہ کھولنے کے لیے عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔

وزیرخارجہ گلبرتوموریلو نے اس موقع پر رم اللہ میں سفارتخانے کے افتتاح کی تاریخ نہیں بتائی، تاہم انہوں نے بتایا کہ مزید ممالک اب فلسطینی ریاست کو تسلیم کر رہے ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ یہودی مخالف فیصلہ نہیں بلکہ اس فیصلے کا مقصد صرف فلسطین کو ایک مکمل ریاست کے طور پر تسلیم کرنا ہے۔

یاد رہے کہ کولمبیا نے 3 اگست 2018 کو فلسطین کو الگ ریاست تسلیم کر لیا تھا جبکہ غزہ میں جاری حالیہ اسرائیل، حماس جنگ میں اسرائیل کے فلسطینی شہریوں پر مظالم کے نتیجے میں کولمبیا نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات بھی منقطع کر لیے تھے۔

کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو بوگوٹا میں خطاب کر رہے ہیں/فائل فوٹو

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں 3 یورپی ممالک ناروے، ہسپانیہ اور آئرلینڈ نے بھی فلسطین کو الگ ملک تسلیم کیا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے 139 ممالک 1988 سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں جن میں یورپی یونین کے 8 رکن ممالک بلغاریہ، پولینڈ، جمہوریہ چیک، رومانیہ، سلواکیہ، ہنگری، سویڈن اور قبرص شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp