یو ٹیوبر یاسر شامی کے موبائل فونز ضبط کرنے کا حکم

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں عدالت نے یوٹیوبر یاسر شامی کے موبائل فونز ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

رواں ماہ کے آغاز میں مرحوم عامر لیاقت حسین کی پہلی و سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے یاسر شامی اور سابق شوہر کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی خبر شیئر کرکے تہلکہ مچا دیا تھا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سیدہ بشرٰی اقبال نے پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے یاسر شامی اور دانیہ شاہ کی گرفتاری کے حوالے سے آگاہ کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

انہوں نےانسٹا گرام پوسٹ میں سابق شوہر کی نازیبا ویڈیو لیک کرنے کے لیے دانیہ شاہ کو پیسے دینے اور اپنے یوٹیوب چینل پر نشر کرنے کے الزام میں یاسر شامی اور دانیہ شاہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تفصیلات شیئر کی ہیں۔

ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے وارنٹ گرفتاری کی فوٹو کاپی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ‘جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی کی عدالت نے عامر لیاقت (مرحوم) سائبر کرائم فحش ویڈیو لیک کیس میں ملزم اور مفرور یوٹیوبر یاسر شامی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ اب اس کیس میں 2 ملزمان ملوث ہیں۔ 1. دانیہ ملک 2. یاسر شامی’۔

انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’انتظار ہے کہ ایف آئی اے یاسر شامی کو گرفتار کرے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے عدالت میں پیش کرے، ان شاء اللہ عامر لیاقت کو جلد انصاف ملے گا’۔

بعدازاں کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں کیس کی مرکزی ملزمہ و عامر لیاقت کی بیوہ دانیہ شاہ عدالت میں پیش ہوئی تھیں۔

ملزم قرار دیے جانے پر یوٹیوبر یاسر شامی نے اس دوران خود کو سرنڈر کیا اور ضمانت کی درخواست دی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے یاسر شامی کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Dr Bushra Iqbal (@syedabushraiqbal)


آج بشریٰ اقبال نے کیس کی تازہ اپڈیٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ آج سٹی کورٹ میں یاسر شامی کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے سبب سماعت کی اگلی تاریخ 6 جون کو ملی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمہ دانیہ شاہ کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا، کورٹ نے ملزم یاسر شامی کے موبائل فونز ضبط نہ کرنے پر ایف آئی اے پر برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر تمام فونز کو قبضے میں لینے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ دوسری جانب دانیہ شاہ نے بھی عامر لیاقت کی وراثت میں اپنا حصہ حاصل کرنے کے لیے 2 کروڑ روپے میں وکیل مقرر کرلیا جو دانیہ شاہ کے اس کیس میں ان کی مدد کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp