سری لنکا میں قید 43 پاکستانیوں کے اہل خانہ کے لیے خوشخبری

جمعہ 24 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا میں قید 43 پاکستانیوں کے اہل خانہ کے لیے خوشخبری ہے سری لنکا نے قیدیوں کو پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

جمعے کے روز وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سری لنکا میں قید پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور قیدیوں کی فوری وطن واپسی پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں سیکیورٹی اور انسداد منشیات کے سلسلے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وزارت داخلہ ان قیدیوں کو واپس لانے کے لیے گزشتہ ایک ماہ سے سری لنکن حکام کے ساتھ بات چیت کررہی تھی، سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے انتظامات کو چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات گزشتہ 7 دہائیوں میں مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں، پاکستان سری لنکا کے ساتھ باہمی تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

سری لنکن ہائی کمشنر کی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے موقع پر وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم علی آغا، چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور متعلقہ افسران کے علاوہ سری لنکن ہائی کمشن کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp