پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آٰئی ) نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں جن کا مقصد دبئی پراپرٹی لیکس سے توجہ ہٹانا ہے، پی ٹی آئی سینٹرل آفس کو بغیر کسی نوٹس اور وجوہات کے گرایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
جمعہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اور سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینٹرل آفس کو بغیر کسی نوٹس اور وجوہات کے گرایا گیا، پی ٹی آئی کے خلاف اس طرح کی انتقامی کارروائیوں کا مقصد پراپرٹی لیکس سے توجہ ہٹانا ہے۔
پی ٹی آئی کےاعلیٰ عہدیداروں نے کہا کہ اس وقت ملک میں لا قانونیت ہے، آئین و قانون کی کوئی پاسداری نہیں کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹرف گوہر خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو 70 فیصد پاکستانی عوام کی حمایت حاصل ہے اس قدر عوامی حمایت یافتہ جماعت کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باآواز بلند کہہ رہے ہیں کہ 70 فیصد عوامی حمایت والی جماعت کے سینٹرل دفتر کو گرایا گیا، انکروچمنٹ کے نام پر پی ٹی آئی کے دفتر کو بغیر کسی وجہ اور نوٹس کے گرایا گیا۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف اس طرح کی انتقامی کارروائیوں کا مقصد دبئی پراپرٹی لیکس سے توجہ ہٹانا ہے، ہم ان لوگوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دبئی لیکس سے توجہ نہیں ہٹائی جا سکتی، انہیں منی ٹریل دینا ہو گا، پاکستان تحریک انصاف سی ڈی کی اس کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، سی ڈی اے کے اس عمل کے خلاف رٹ پیٹشن دائر کر چکے ہیں، سوموار کو اس پر کارروائی ہو گی۔ امید ہے عدلیہ ہمیں ریلیف دے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کا راستہ روکا جا رہا ہے، ہمیں اشتعال دلانے کی لاکھ کوششیں کی گئیں لیکن ہم مشتعل نہیں ہوئے، ہم نے نگراں حکومت سمیت موجودہ حکومت کے رہنماؤں کو عبرت ناک شکست دی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ اس وقت ملک میں آئین و قانون کی بالادستی نہیں ہے، ان شا اللہ یہ بالادستی وزیر اعظم عمران خان لائیں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں سینٹرل آفس کو اسی طرح بلڈوز کیا گیا جس طرح مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی کرتے ہیں، یا مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیر عوام کے خلاف بھارت کی فوج استعمال کرتی ہے، اسی طرح سی ڈی اے اور انتظامیہ نے ہمارے دفتر کی بلڈنگ کو گرانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایک ایک ورکرز کے دل سے وزیر اعظم عمران خان کی محبت نہیں نکالی جا سکتی، ہم آگے بڑھیں گے، یہ آغاز ہے ہمارے انتفادہ کا، انتفادہ کا مطلب جاگنا ہے، یہ بیداری اسی وجہ سے ہے کہ ہم آئین و قانون کے مطابق اپنا حق لے سکیں۔
ہمارے ساتھی عامر مغل این اے 46 کے امیدوار کو پولیس گردی کا نشانہ بنایا گیا، ہم نے رات کے 3 بچے کراچی کمپنی اسٹیشن سے واپس لیا، ان پر تمام مقدمات کو مسترد کرتے ہیں، ہم اس نظام کے خلاف آخری وقت تک لڑیں گے۔ فارم 47 کی نواز شریف اور مریم نواز کی حکومت کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
شبلی فراز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف اتنقامی کارروائیوں کا مطلب یہ ہے کہ ہم یہ جنگ جیت چکے ہیں، یہ لوگ سیاسی طور پر ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے، یہ جنگ و جدل سے ہمارا مقابلہ کرنا چاہتا ہے، لیکن ہمارا ہدف جمہوریت ہے، ہم اپنے حقوق کے لیے آئین کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے مقابلہ کریں گے۔