مصر ’کریم شالوم کراسنگ‘ سے اقوام متحدہ کی امداد غزہ بھیجنے پر رضامند، امریکا کا خیر مقدم

ہفتہ 25 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، امریکی صدر بائیڈن کے ساتھ ایک ٹیلی فون کال میں کریم شالوم کراسنگ سے اقوام متحدہ کی امداد غزہ لے جانے کی اجازت دینے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ صدر بائیڈن نے ان کے اس عزم کا خیر مقدم کیا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکی، مصری اور قطری ثالثوں کی شمولیت پر مبنی جنگ بندی کے مذاکرات پر بھی بات چیت کی، جو ایک بار پھر تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔ امریکی تعمیر کردہ عارضی گھاٹ نے ایک ہفتہ قبل آپریشن شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں امداد کے 97 ٹرک بھیجے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ مصری صدر نے جمعے کو اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کے ساتھ ایک کال میں اقوام متحدہ کی امداد کو جنگ زدہ غزہ تک کریم شلوم کی اہم کراسنگ کے ذریعے جانے کی اجازت دینےپر رضامند ہو گئے ہیں۔ صدر بائیڈن نے صدر السیسی کی طرف سے اقوام متحدہ کی طرف سے فراہم کردہ انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت دینے کے عزم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی۔

کریم شلوم کراسنگ کو عملی طور پر بند کر دیا گیا تھا کیونکہ اسرائیل کی جانب سے حماس کے خلاف کارروائی جاری ہے جب کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیاں فلسطینی علاقے میں قحط کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کر رہی ہیں۔ بائیڈن نے جنوبی غزہ کے شہر رفح کے لیےکراسنگ دوبارہ کھولنے کی کوششوں کی حمایت کے لیے اپنے مکمل عزم کا اظہار کیا، جہاں اسرائیل نے ایک تازہ کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی

دونوں رہنماؤں نے امریکی، مصری اور قطری ثالثوں کی شمولیت پر مبنی جنگ بندی کے مذاکرات پر بھی بات چیت کی، جو ایک بار پھر تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر مزید گفت و شنید کے لیے ایک سینئر ٹیم قاہرہ بھیجنے پر تیار ہو گئے ہیں۔

امریکی صدر بائیڈن

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوئترس کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے صحافیوں کو بتایا کہ غزہ کے ساحل پر امریکی تعمیر کردہ عارضی گھاٹ نے ایک ہفتہ قبل آپریشن شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں امداد کے 97 ٹرک بھیجے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp