بھارتی شہر راجکوٹ میں تفریحی مقام پر خوفناک آتشزدگی، 27 افراد ہلاک

اتوار 26 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست گجرات کے ضلع راجکوٹ کے ایک تفریحی مقام جسے گیم زون بھی کہا جاتا ہے، میں خوفناک آگ لگنے سے کئی بچوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں 27 اموات کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے راجکوٹ ضلع میں جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جس کے بعد وہاں سے متعدد افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

ضلع کی میئر نیناپیڈھاڈیا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری توجہ ریسکیو آپریشن اور زندگیاں بچانے پر مرکوز ہے۔ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس واقعہ کے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ٹیلی ویژن کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹی آر پی گیم زون میں زبردست آگ لگی ہوئی ہے اور اس مقام سے دھوئیں کے بادل اوپر اُٹھ رہے ہیں۔

مقامی سول اسپتال کے ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کچھ لاشیں جلی ہوئی ہیں جن کی شناخت ممکن نہیں ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مقامی انتظامیہ متاثرہ افراد کو مدد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجکوٹ میں آتشزدگی کے حادثے سے بہت پریشان ہوں۔ میری ہمدردیاں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔

ضلع کے چیف فائر آفیسر آئی وی کھیر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے کہا کہ واقعہ کی جانچ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کو سونپ دی گئی ہے اور ٹیلی ویژن رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ راجکوٹ پولیس نے اس واقعہ کے سلسلے میں 2 لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp