لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر مؤثر لائحہ عمل طے کیا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پیر 27 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں لوڈشیڈنگ بڑا مسئلہ ہے لیکن وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر ایسا لائحہ عمل طے کیا ہے  جس سے صوبے کی عوام کو ریلیف ملے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ

صوبائی اور وفاقی ادارے ملکر کام کریں، خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہے، یہاں کے عوام سوچتے ہیں کہ خیبرپختونخوا سب سے زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے اور پورے پاکستان کو فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا لوڈشیڈنگ کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ بھی بنتا ہے جس میں وزارت داخلہ کا کردار بھی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری سے اس مسئلے پر بات کی ہے اور طے پایا ہے کہ صوبائی اور وفاقی ادارے حکومتیں اور ادارے مل کر مسائل کا حل نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بقایاجات کی ادائیگی کریں گے، لائن لاسز پر مل کر کام کریں گے، صوبائی حکومت، اس کے ادارے اور عوام اپنا کردار ادا کریں گے اور وفاقی وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس دوران خیبرپختونخوا کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

’گورنر سے اختلاف نہیں‘

انہوں نے کہا کہ وہ وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر توانائی کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہمارا خیال کیا، ہم بھی اسی طرح ان کا خیال رکھیں گے اور نقصان میں کمی کے لیے اقدامات کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کا گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں، ان کا آئینی طور پر کوئی کردار نہیں ہے، جبکہ میں بطور وزیراعلیٰ صوبے کے معاملات دیکھتا ہوں، ان سے اختلاف ہو یا نہ ہو، ان مسائل پر ان سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

پاکستانی سیاست اور سیاستدانوں پر تنقید کرنے والے آج شرمندہ ہوں گے، اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی سیاست اور سیاستدانوں پر تنقید کرنے والے لوگ اس بات پر ضرور شرمندہ ہوں گے کہ سیاسی مخالفت کے باوجو پاکستان کے ایجنڈا کو پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کی تمام جماعتوں نے تسلیم کیا۔

پاکستان کو معاشی نقصان جو ہورہا ہے، اس میں لائن لاسز کا نقصان بہت بڑا نقصان تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک دوسرے کو اپنی مشکلات بتائیں اور مل کر حل نکالا ہے، کل تک اس کو حتمی شکل اے دی جائے گی۔

اویس لغاری نے کہا اس ماڈل کو دوسرے صوبوں میں بھی نافذالعمل کریں گے، پاکستان میں بجلی چوری، لائن لاسز کے مسائل ختم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کمیونٹی بیسڈ پروگرام ہے جس میں ایم این ایز، ایم پی ایز اور عوام کو سمجھایا جائے گا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ انصاف پسندانہ پیسے کی وصولی کے ذریعے ممکن ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے یہ اقدام اچھی سوچ کے تحت کیا ہے، یہ سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے 25 سے رابطہ ہے، اگر میں وزیر داخلہ بن گیا تو ان سے تعلق کیسے چھوڑ سکتا ہوں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp