بلوچستان حکومت کا غریب افراد کو ایک ماہ کا راشن مفت فراہم کرنے کا فیصلہ

جمعہ 24 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت بلوچستان نے صوبے کے غریب افراد کو رمضان المبارک میں ایک ماہ کا راشن مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت جمعرات کو یک اعلیٰ سطحی ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں خصوصاً ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف پہنچانے، سیکیورٹی کے معاملات اور گیس بجلی کے مسائل سمیت مختلف حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو چیف سیکریٹری عبدالعزیزعقیلی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری، اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز، تمام ڈویژنل کمشنرز اور پولیس ڈی آئی جیز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے غربت کی لکیر سے نیچے کے خاندانوں کو رمضان میں ایک ماہ کا راشن مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام اضلاع میں مستحق خاندانوں کا ڈیٹا مرتب کرکے فوری طور پر راشن کی فراہمی کا آغاز کریں۔

عبدالقدوس بزنجو نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر آٹا اور راشن فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔ شرکا کی جانب سے اجلاس کو رمضان سستا بازاروں کے انعقاد، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف کارروائیوں پر بھی بریفنگ  دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو یوٹیلیٹی اسٹورز اور تاجروں کا تعاون حاصل کرنے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے اور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کوئٹہ سمیت ہر ضلع میں رمضان سستا بازار لگا کر عوام کو ریلیف دینے اور اس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ ہاؤس بھجوانے کا حکم دیا۔

اجلاس میں گیس کے دباؤ میں کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا جس پر وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کیسکو اور ایس ایس جی سی کو صورتحال جلد بہتر بنانے کا حکم صادر کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی ناقابل برداشت ہے اس پر وفاقی حکومت سے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔

اجلاس کو رمضان المبارک میں سیکیورٹی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر اقدامات کو مذید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کو صوبے میں بارش، برف باری اور ژالہ باری کے زیر اثر اضلاع کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp