ہچی سن پورٹس پاکستان نے ملکی تاریخ کے اب تک کے سب سے بڑے کنٹینر بردار بحری جہاز ’سی وی، ایم ایس سی، اے این این اے ‘ کوآپریشنل کر دیا ہے جس کے بعد پاکستان کی پورٹس اینڈ شپنگ انڈسٹری کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہو گیا ہے۔ یہ سنگ میل ٹرمینل کی جدید صلاحیتوں اور خطے میں اسٹریٹیجک اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
کنٹینر بردار بحری جہاز ’سی وی، ایم ایس سی، اے این این اے ‘ دنیا کے سب سے بڑے بحری جہازوں میں سے ایک ہے جس کی لمبائی 400میٹر ہے۔ اتنے بڑے بحری جہاز کی مؤثر طریقے سے ہینڈلنگ ہچی سن پورٹس کے بہترین آپریشنز کی ایک مثال ہے۔
ملک کے واحد گہرے پانی کے کنٹینر ٹرمینل کی حیثیت سے ہچی سن پورٹس پاکستان جدید ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر سے لیس ہے، جو بہت بڑے کنٹینر بردار بحری جہازوں کی بے مثال منیجمنٹ کو یقینی بناتے ہیں۔
اس اہم سنگ میل کے موقع پر اپنے تاثرات میں ہیڈ آف بزنس یونٹ ہچی سن پورٹس پاکستان سی ایس کم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کنٹینر بردار بحری جہاز کی ہینڈلنگ ہچی سن پورٹس پاکستان کے لیے باعث فخر ہے اور پاکستان کی میری ٹائم انڈسٹری کی ترقی کے لیے ہمارے عزم کی ترجمانی کرتی ہے۔
سی ایس کم نے مزید کہا کہ ہم باقاعدگی سے بڑے بحری جہاز ہینڈل کررہے ہیں۔ اس سے قبل 14ہزار ٹی ای یوز کے حامل 366میٹر طویل بحری جہاز کی ہینڈلنگ کی گئی تھی اور اب ’سی وی، ایم ایس سی، اے این این اے ‘کو بھی ہینڈل کیا گیا جس کی گنجائش 19ہزار 368 ٹی ای یوز ہے اور لمبائی 400میٹر ہے۔ مستقبل میں بھی ہم بڑے بحری جہازوں کی مؤثر طریقے سے ہینڈلنگ کی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
بڑے بحری جہازوں کی آمد سے شپنگ کی لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس طرح کے بڑے بحری جہازوں کی ہینڈلنگ سے پورٹ کی سرگرمیوں اور تجارت میں اضافے سے حکومتی ریونیو میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ بڑے بحری جہازوں کی آمدورفت میں اضافہ عالمی تجارت میں پاکستان کے مقام کو بڑھانے کے ساتھ ملک کی معاشی ترقی میں ٹرمینل کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔