سنہ 1971 میں فوج تو میدان میں ڈٹی ہوئی تھی لیکن یحییٰ خان نے ہتھیار ڈلوادیے، عمران خان

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سنہ 1971 میں پاک فوج تو خوب مقابلہ کر رہی تھی لیکن جنرل یحییٰ خان نے اپنی ضد اور انا کی خاطر ان سے ہتھیار ڈلوادیے۔

اڈیالہ جیل سے عوام کے لیے خصوصی پیغام میں عمران خان نے کہا کہ حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ سانحہ 71 کی نہایت جامعیت کے ساتھ احاطہ کرتی ہے اور اس کے مطابق فرد واحد یحییٰ خان نے اپنی طاقت بڑھانے کی خاطر فوج کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔

عمران خان نے ہنری کسنجر کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یحییٰ خان  5 سال کے لیے  فوج اور ملک دونوں کا سربراہ بننا چاہتے تھے جس کے لیے انہوں نے ایک علیحدہ آئین بھی تیار کروایا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس فرد واحد (یحییٰ خان)  نے فوج کو اس قدر نقصان پہنچایا کہ پھر فوج کو خود اسے ہٹانا پڑا۔

’غیرت انسان کو بڑا بناتی ہے‘

عمران خان کا کہنا تھا کہک غلامی لوگوں کو چھوٹا کر دیتی ہے اور چھوٹے لوگ کبھی بڑا کام نہیں کر سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انسان کی غیرت  اور آزادی مل کر اسے ایک بڑا انسان بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کو اپنے نمائندے خود چننے کا حق سب سے بنیادی ترین حیثیت رکھتا ہے لیکن پاکستان میں جس طرح سے جمہوریت اور اخلاقیات کی دھجیاں اڑائی گئیں اس کی تفصیلات قوم کے سامنے ہیں۔

’انوارالحق کاکڑ اور کمشنر راولپنڈی کے انکشافات ملک میں جمہوریت کی حقیقت بیان کرنے کے لیے کافی ہیں‘

عمران خان نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے 8 فروری کے انتخابات کے حوالے سے خیالات اور اس سے پہلے راولپنڈی کے کمشنر کا اعترافی بیان پاکستان میں جمہوریت کی حقیقت بیان کرنے کیلئےکافی ہے۔

’ملک میں صرف ایک جگہ جمہوری حکومت قائم ہے‘

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں صرف ایک جمہوری حکومت قائم ہے اور وہ خیبرپختونخوا کی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا میں حکومت کے تحت پورے صوبے میں کسی بھی سیاسی جماعت پر کوئی بھی سیاسی سرگرمی کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے جب مرکز میں پاکستان تحریک انصاف کی جمہوری حکومت قائم تھی تو ہماری مخالف سیاسی جماعتوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں یا سیاسی اجتماعات کے موقع پر نہ تو ان کے راستے روکے گئے اور نہ ہی ان پر کسی قسم کا تشدد کیا گیا اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی مقدمہ قائم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے علاوہ پاکستان  بھر میں قائم فارم 47 کی حکومتیں تحریک انصاف کی ہر پرامن جمہوری اور قانونی سیاسی سرگرمی  کی راہ روکتی ہیں، ہمارے کارکنوں کو بدترین ہراسگی اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات کی بھرمار کی جاتی ہے۔

‏’محسن نقوی کو منی ٹریل دینی ہوگی‘

عمران خان نے کہا کہ جو بھی پاکستان میں  حکمرانی کے منصب پر پہنچا اس نے لوٹ کھسوٹ کر کے پیسہ باہر بھیجا جس کی تازہ ترین مثال وزیر داخلہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دبئی لیکس پر محسن نقوی کو جوابدہ ہونا ہو گا اور اپنی اہلیہ کی جائیداد  کی منی ٹریل دینا ہو گی اور قوم کو بتانا ہو گا کہ  جب ان کا اور ان کی بیوی کا سارا کاروبار پاکستان میں  ہے تو جائیداد کی خریداری کے لیے پیسہ باہر کیسے منتقل ہوا اور اسی طرح انہیں گندم اسکینڈل کا بھی جواب دینا ہو گا۔

’پی ٹی آئی سوشل میڈٰیا ٹیم کے ہر رکن کو میرا سلام‘

عمران خان نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں سوشل میڈیا ٹیم کی خدمات بے مثال ہیں، جیل میں بند ہونے کی وجہ سے کمیونیکیشن کے مسائل ضرور آئے ہیں لیکن مجھے اپنی سوشل میڈیا ٹیم پر بھرپور اعتماد ہے  اور میں اپنی ٹیم کے کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’تمام سوشل میڈیا ورکرز کو میرا سلام ہے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp