حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں اساتذہ کے لیے نئی ٹرانسفر پالیسی متعارف کراتے ہوئے ہارڈ شپ گراؤنڈز پر ٹرانسفر کا سلسلہ اب سال بھر کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق معذور، بیوہ، مطلقہ، طویل فاصلہ، انٹر ڈسٹرکٹ اور شادی کی بنیادوں پر بھی اساتذہ کے ٹرانسفر پورے سال ممکن بنائے جاسکیں گے، تاہم جنرل ٹرانسفر سال میں صرف 2 بار ہی ممکن ہوسکے گی۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے بتایا ہے کہ باہمی رضامندی سے ٹرانسفر کی اجازت سال میں 2 بار ہوگی جبکہ تمام نوعیت کی ترقیوں کا عمل 30 دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔ ’تمام ضلعی کمیٹیاں درخواستوں پر فیصلہ 30 دنوں میں یقینی بنانے کی پابند ہوں گی۔‘
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ اسی طرح اساتذہ اور طلبا کے درمیان تناسب کی شرح کے پیش نظر اساتذہ پر اسٹوڈنٹ ریٹنگ آف ٹیچر کے تناظر میں درخواست کرنے کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
رانا سکندر حیات کے مطابق اساتذہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسفر پالیسی تیار کی گئی ہے، پالیسی کے نفاذ کے بعد اساتذہ کو طویل انتظار کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی، اساتذہ کو آسانی فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔