کمار سانو جیسی مدھر آواز کا مالک کوئٹہ کا رہائشی کون؟

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

زرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی۔ اس بات کو سچ کر دکھایا کوئٹہ کی ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے آصف حیدری نے۔

آصف حیدری اپنی گھریلو ضروریات ہوٹل چلا کر پوری کرتے ہیں لیکن کوئٹہ میں انہیں لوگ کمار سانو کے نام سے زیادہ جانتے ہیں کیونکہ ان کی آواز بھارت کے مشہور گلوکار کمار سانو سے ہوبہو ملتی ہے۔

اگر آصف حیدری کو آنکھیں بند کرکے سنا جائے تو یوں معلوم ہوگا جیسے کمار سانو ہی گا رہے ہیں۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آصف حیدری نے بتایا کہ انہیں اپنے ماموں کو دیکھ کر گلوکاری کا شوق پیدا ہوا جس کے بعد انہوں نے گیت سننے اور  گنگنانے شروع کیے۔

انہوں نے کہا کہ میں بچپن سے ہی کمار سانو کے گیت بہت شوق سے سنا کرتا تھا کیونکہ اس کی آواز میں جو مٹھاس ہے وہ اور کسی کی آواز میں نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب میں گانے گاتا تو اکثر لوگ کہتے کہ تمہاری آواز کمار سانو سے ملتی ہے۔

آصف حیدری نے بتایا کہ اس وقت کوئٹہ میں لوگ مجھے آصف حیدری کے نام سے کم اور کمار سانو کے نام سے زیادہ جانتے ہیں۔

انہوں نے موسیقی کی کوئی باقاعدہ تربیت تو حاصل نہیں کی لیکن لوگ اکثر انہیں محفلوں میں گانا گانے کے لیے بلاتے ہیں اور اس کے علاوہ انہیں سوشل میڈیا پر بھی بہت لوگ فالو کرتے ہیں۔

آصف حیدری نے کہا کہ کمار سانو کی وجہ سے میں ایک مشہور شخصیت بن گیا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں اپنے گرو (کمار سانو) سے ملاقات کروں۔
بلوچستان میں آصف حیدری جیسے کئی باہنر افراد موجود ہیں لیکن حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے ان ہیروں پر وقت کی دھول جم جاتی ہے اور کمال کی صلاحتیں رکھنے کے باوجود وہ گمنام ہی رہ جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp