امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ امریکا کی جنگ ناگزیر ہے نہ ہی مستقبل قریب میں دونوں ممالک کی جنگ کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق گزشتہ روز امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے سنگاپور میں چین کے وزیردفاع ڈونگ جون سے ملاقات کی، یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہی، دونوں ملکوں کے اعلیٰ دفاعی عہدیداروں کے درمیان 2022 کے بعد یہ پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔
اس سے قبل امریکی کانگریس کی سابق اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان نے بیجنگ کو مشتعل کر دیا تھا اور امریکی اور چینی افواج کے درمیان رابطے ٹوٹ گئے تھے۔
تاہم امریکی وزیرِ دفاع نے سنگاپور میں اعلیٰ سیکیورٹی حکام کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اپنے چینی ہم منصب کے درمیان نئے سرے سے بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔
لائیڈ آسٹن نے چینی وزیردفاع ڈونگ جون سے ملاقات کی تفصیلات بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم دونوں دوبارہ بات کریں گے، بات چیت کے دوران ہم دونوں ممالک کے تعلقات کے پریشان کن مسائل کی نشاندہی کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے لیے غلط تصورات اور غلط اندازوں کو روکنے کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں اور یہ آپ اسی وقت کر سکتے ہیں جب آپ ایک دوسرے سے بات کر رہے ہوں۔