ناک سے ٹائپنگ کرنے والے شخص نے تیسرا ریکارڈ بنا ڈلا

اتوار 2 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت سے تعلق رکھنے والے 44سالہ شخص نے ناک سے ٹائپنگ کرتے ہوئے اپنے ہی 2 سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے تیسرا نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کی دنیا میں کئی ایسے نام شامل ہیں جنہوں نے اپنی مختلف صلاحیتوں سے دنیا کے سامنے اپنے نام کا لوہا منوایا ہے۔ ایسا ہی ایک نام حالیہ چند دنوں میں گنیز ورلڈ ریکارڈز کی زینت بنا جس کی حیرت انگیز صلاحیت نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

بھارت سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ ونود کمار چوہدری نے کم سے کم وقت میں اپنی ناک سے کمپیوٹر پر ٹائپنگ کرکے اپنے 2 سابقہ ریکارڈز توڑتے ہوئے تیسرا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ونود کمار اپنی ناک سے حرف تہجی ٹائپ کررہے ہیں جبکہ ہر حرف کے درمیان وقفے کی شرط کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ ’ٹائپنگ مین آف انڈیا‘ کے نام سے مشہور ونود کمار کا یہ ریکارڈ تیسری بار قائم کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل ونود کمار نے پہلا ریکارڈ گزشتہ سال 27.80 سیکنڈز میں بنایا تھا جبکہ دوسرا ریکارڈ بھی گزشتہ سال کے آخر میں 26.73 سیکنڈز میں قائم کیا تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ونود نے 30 مئی 2024 کو سب سے کم وقت 25.66 سیکنڈز میں ناک سے ٹائپنگ کرکے تیسرا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

تیسری بار فتح حاصل کرنے پر ونود کمار نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے بات کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ میرا پیشہ ٹائپنگ رہا ہے، اسی لیے میں نے اس میں ریکارڈ بنانے کا سوچا، جس میں میرا شوق اور میری روزی روٹی دونوں قائم رہیں۔ مسٹر چودھری نے جی ڈبلیو آر سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ میرا ماننا ہے کہ آپ کو اپنی زندگی میں کتنے ہی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہو لیکن آپ کو اپنے جذبے کو ابد تک برقرار رکھنا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp