تحریک انصاف کا 8 جون کو روات میں جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ، نیا مقام سامنے آگیا

اتوار 2 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 جون کو اسلام آباد میں جلسے کے لیے روات کا مقام مسترد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی ٹی آئی کی قیادت نے روات کے بجائے 8 جون کو خیبرپختونخوا کے علاقے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل اسلام آباد انتظامیہ نے 39 شرائط کی بنیاد پر پی ٹی آئی کو روات جی ٹی روڈ پر جلسہ کرنے کی اجازت دی تھی۔

انتظامیہ کی مشروط اجازت کے بعد پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کا آج اہم اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، عمر ایوب، اسد قیصر، علی امین گنڈاپور اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے روات میں جلسہ کی اجازت دینے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہاکہ پرامن جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے، انتظامیہ کی طرف سے روات میں جلسے کی اجازت دینا بدنیتی پر مبنی ہے۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہمیں پریڈ گراؤنڈ، ایف نائن پارک یا ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دی جائے، جبکہ 8 جون کو سوات میں جلسے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp