پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کے اپینڈکس کا آپریشن، جیل سے اسپتال منتقل

اتوار 2 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما میاں محمود الرشید کو جیل میں پیٹ میں شدید درد کے باعث سروسز اسپتال کے ایمرجنسی کے شعبے میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں اپینڈکس کے درد کا انکشاف ہوا ہے۔

سروسز اسپتال کے ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سینیئر رہنما میاں محمود الرشید کو اتوار کے روز جیل میں پیٹ میں شدید درد محسوس ہوا، جس پر انہیں فوری اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کے دیگر طبی ٹیسٹوں کے علاوہ پیٹ کا سٹی اسکین بھی کیا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق سی ٹی اسکین کے بعد ان کے پیٹ میں اپینڈکس کا عارضہ سامنے آیا جس کے بعد ان کی آپریشن تھیٹر میں سرجری کر دی گئی ہے، جس کے بعد وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود نے بتایا کہ سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے اسپتال لایا گیا تو ان کے پیٹ میں اپینڈکس کا عارضہ سامنے آیا۔

انہوں نے بتایا کہ میاں محمود الرشید کے اپینڈکس کا آپریشن کر دیا گیا ہے اور وہ اب بہتر ہیں اور کسی بھی خطرے سے باہر ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید 9 مئی میں جلاؤ ، گھیراؤ  کے مقدمات میں گرفتار ہیں اور جیل میں قید ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp