ملک میں مہنگائی میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، عطا تارڑ

پیر 3 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 29 ماہ میں کم ترین سطح پر آگئی ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ایک ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں 25 روپے لیٹر کمی ہوئی ہے جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کم اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد حکومتی اخراجات بھی کم ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں کی رپورٹس پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت اشاریوں کی نشاندہی کررہی ہیں جو حکومت کی کامیابی ہے کیونکہ حکومت نے اپنی توجہ معیشت پر مرکوز رکھی تھی۔

’47 برس بعد مہنگائی کی شرح اس قدر کم ہوئی‘

عطا تارڑ نے کہا کہ ملک میں کنزیومر پرائس انڈیکس 47 برس بعد اتنی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، پچھلے سال اسی ماہ میں 38 فیصد مہنگائی تھی جو اب 11 فیصد پر آگئی ہے جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ ماہ افراط زر کی شرح 17 اعشاریہ 34 فیصد تھی جو اب 11 فیصد پر آئی ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی توقع سے کہیں زیادہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ترجیح تھی کہ کم آمدن والے طبقے پر کم بوجھ ڈالا جائے اور اشرافیہ پر زیادہ بوجھ ڈالا جائے۔ بجٹ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، ملک میں ماحول سرمایہ کاری کے ماحول سازگار ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے اخراجات میں کمی کی، کابینہ ابھی تک تنخواہ نہیں لے رہی، نجکاری میں پیش رفت ہورہی ہے، مئی کے مہینے میں 15 ارب روپے زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوا ، ایف بی آر کو ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے، ٹیکس اصلاحات کے اقدامات جاری ہیں اور اس کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔

’عمران خان کے دور میں معیشت تباہ، دوست ممالک ناراض ہوئے‘

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم دور میں لوگ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی باتیں کرتے تھے، لیکن اس کے باوجود نہایت قلیل مدت میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی معاہدے پر دستخط ہوئے، ایکسچینج ریٹ بہتر ہوا۔

انہوں نے کہا جس پوزیشن سے ہم واپس آئے وہ حوصلہ افزا پیش رفت ہے، عمران خان کے دور میں معیشت تباہی کے دہانے پر آ کھڑی ہوئی، بہت سے دوست ممالک کو ناراض کیا گیا اور پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف بیچے گئے، سی پیک و نقصان پہنچایا گیا جو کہ بہت افسوس ناک تھا، ملک کو ایسے مقام سے واپس لاکر مویشت کو جس طرح مستحکم کیا ہے، دوست ممالک کے ساتھ  تجارتی و سفارتی تعلقات میں بہتری آرہی ہے، حال ہی میں یو اے ای نے 10 ارب ڈالر کی رقم سرمایہ کاری کے لیے مختص کی، اس کے علاوہ سعودی عرب کے ساتھ بھی حکومت پاکستان کے معاملات میں پیش رفت ہورہی ہے۔

’وزیراعظم کل چین کی دعوت پر وہاں جائیں گے‘

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل (منگل کو) چین کی دعوت پر وہاں جارہے ہیں جہاں ان کی چین کے صدر اور وزیراعظم کے ساتھ ملاقات ہوگی۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم کے ہمراہ 100 رکنی تجارتی وفد بھی ہوگا، اس کے علاوہ شین ژن ایک میں بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ تجاری وفد آج رات چین کے لیے روانہ ہوگا، اس وفد کے ارکان اپنے خرچے پر چین جارہے ہیں، ماضی میں اتنا بڑا تجارتی وفد کبھی چین نہیں گیا، اس وفد کی بزنس کانفرنس میں شرکت اور دورہ چین پاکستان کی معیشت میں بہتری کے لیے اہم ثابت ہوگا، اس دورے کے دوران مختلف معاہدوں کی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وفد میں پاکستان کے اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد شامل ہیں جن کی چین کی کاروباری کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوں گے اور باہمی تجارت کو فروغ ملے گا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بزنس کانفرنس کے علاوہ آئی ٹی شعبہ میں معاہدے ہوں گے، نوجوانوں کی ٹریننگ کے حوالے سے خوشخبری سننے کو ملے گی، اس کے علاوہ اور بھی ایسے کئی منصوبے شامل ہیں، یہ دورہ پاکستان کی معیشت کی بحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ٹی پارک کا دورہ بھی رکھا گیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ منفی خبریں پھیلانے کے بجائے ہمیں اچھی خبروں پر خوش ہونا چاہیے، ہم خوش ہونا بھول گئے ہیں، کرکٹ کے لیے پی ٹی وی پر ایک نئی ٹیم لے کر آئے ہیں جو ورلڈ کپ کے دوران ٹرانسمشن چلائیں گے، جن میں باہر سے بھی لوگ آئیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp